سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی کی لہر ہے۔ گزشتہ روز شہر میں درجہ حرارت 40.7 ڈگری تک پہنچ گیا۔ ہوا میں نمی کی سطح 39 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے باعث شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ گیا۔ توقع ہے کہ یہ صورت حال ہفتے کے وسط تک تک جاری رہنے گی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی تھی۔ الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹمپریچر 21 اپریل سے 24 اپریل تک معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ زیادہ گرمی کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلیں۔ بچوں، بزرگوں، خواتین اور مریضوں کو چاہیے کہ براہ راست دھوپ سے بچیں اور اضافی احتیاط برتیں۔
ماہرین صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ان دنوں جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔ اس دوران او آر ایس کا استعمال بہتر ہے۔ ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں، اور باہر جانے پر ٹوپی یا چھتری استعمال کریں۔ شوگر والے مشروبات جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتے ہیں،لہٰذآ سادہ پانی کو ترجیح دیں۔
مزدوروں اور باہر کام کرنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ سایہ دار جگہوں پر وقفے لیں۔ اگر شدید تھکاوٹ، چکر آنے، متلی یا زیادہ پسینہ آنے کی شکایت ہو تو فوراً طبی مدد حاصل کریں۔