Vinkmag ad

الکحل کی عدم برداشت: جسم کا اسے قبول کرنے سے انکار

الکحل کی عدم برداشت (Alcohol intolerance) سے مراد جسم کا شراب کو برداشت نہ کرنا ہے۔ اس کیفیت کے شکار لوگوں میں شراب نوشی کے فوراً بعد کچھ علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ ان میں جلد سرخ ہونا اور ناک بند ہونا زیادہ عام ہیں۔ اس مسئلے کا سبب جسم میں ایک خاص انزائم کی کمی ہے جو معدے میں الکحل کو چھوٹے اجزاء میں تقسیم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ضروری نہیں کہ الکحل پر جسمانی ردعمل محض اسی کی وجہ سے ہو۔ اس کا سبب الکحل میں موجود کچھ دیگر اجزاء بھی ہو سکتے ہیں۔ ان میں کچھ کیمیکلز، اناج ( گندم یا جو) یا اسے محفوظ کرنے والے مادے (پریزرویٹوز) نمایاں ہیں۔ اگر کچھ دواؤں اور الکحل کو ایک ساتھ استعمال کیا جائے تو بھی ایسا ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ اس وجہ سے متلی، چکر آنے، یا دل کی دھڑکن تیز ہونے جیسی کیفیات پیدا ہو سکتی ہیں۔

علامات

الکحل کی عدم برداشت یا الکحل میں موجود اجزاء کے خلاف جسمانی ری ایکشن کی کچھ علامات یہ ہیں:

* چہرہ سرخ ہو جانا

* جلد پر سرخ، خارش والے دھبے ظاہر ہونا

* پہلے سے موجود دمہ کی حالت بگڑنا

* ناک بہنا یا بند ہو جانا

* بلڈ پریشر کم ہو جانا

* متلی یا قے آنا

* موشن لگنا

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر الکحل یا اس میں موجود چیزوں کی عدم برداشت معمولی ہو تو ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں۔ الکحل سے پرہیز کرنا، اس کی مقدار کم کر دینا یا کچھ خاص قسم کے بیوریجز سے پرہیز کرنا ہی کافی ہوتا ہے۔

اگر اس کا ردعمل شدید ہو یا شدید درد محسوس ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر سانس لینے میں دشواری ہو یا جسم کے کسی حصے میں سوجن آ جائے، تو فوراً ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔۔ فیملی فزیشن، الرجی سپیشلسٹ یا معدے کے ڈاکٹر اس کا علاج کرتے ہیں۔

وجوہات

الکحل کی عدم برداشت کا سبب جسم میں ایک خاص انزائم کی کمی ہے۔ یہ جینیاتی خصوصیت ایشیائی نسلوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ الکحل میں موجود دیگر اجزاء بھی عدم برداشت کا ردعمل پیدا کر سکتے ہیں۔ ان میں یہ شامل ہیں:

٭ سلفائٹس یا دیگر پریزرویٹوز

٭ کیمیکلز، اناج یا دیگر اجزاء

٭ ہسٹامین، جو تخمیر کے عمل میں پیدا ہوتی ہے

٭ الکحل پینے کے بعد شدید درد بعض اوقات ایک سنگین بیماری ہوجکنز لمفوما کی علامت ہو سکتا ہے

خطرے کے عوامل

الکحل کی عدم برداشت کے خطرے کے عوامل یہ ہیں:

* ایشیائی نسل کا ہونا

* دمہ یا ہیضہ (الرجک رینائٹس) ہونا

* اناج یا کسی اور فوڈ سے الرجی ہونا

* ہوجکنز لمفوما ہونا

پیچیدگیاں

الکحل کی عدم برداشت کی پیچیدگیوں کا تعلق اس کی وجہ کے مطابق ہوتا ہے۔ کچھ پیچیدگیاں یہ ہیں:

سر درد (مائیگرین)

کچھ لوگوں کو شراب نوشی سے مائیگرین ہو سکتا ہے۔ ممکنہ طور پر اس کا سبب الکحل میں موجود ہسٹامینز ہیں۔

شدید الرجک ری ایکشن

بہت کم صورتوں میں شدید الرجک ری ایکشن ہوتا ہے جو جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔ اس میں فوری علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔

احتیاطی تدابیر

الکحل کی عدم برداشت یا اس میں موجود اجزاء کے ری ایکشن کو روکنے کا کوئی طریقہ نہیں۔ مریض کو شراب نوشی یا ان اجزاء سے مکمل پرہیز کرنا ہوگا۔ ڈرنکس کے لیبل کو اچھی طرح سے پڑھیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس میں ری ایکشن پیدا کرنے والے اجزاء تو موجود نہیں۔ یہ بھی ضروری نہیں کہ اس میں موجود تمام چیزوں کا ذکر لیبل میں ہو۔ کچھ اجزاء چھپے ہوئے بھی ہو سکتے ہیں۔

تشخیص

ڈاکٹر جسمانی معائنہ کرنے کے علاوہ یہ ٹیسٹ بھی تجویز کر سکتا ہے:

سکن ٹیسٹ

اس سے یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ الکحل میں موجود کون سی چیز الرجی پیدا کر سکتی ہے۔ جلد پر اس مادے کی معمولی سی مقدار لگائی جاتی ہے۔ اگر اس سے الرجی ہو تو ری ایکشن پیدا ہوتا ہے۔

بلڈ ٹیسٹ

خون کے ٹیسٹ الرجی کی قسم کے اینٹی باڈیز کی مقدار کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ خون کا نمونہ لیبارٹری میں بھیجا جاتا ہے تاکہ اس پر مختلف کھانوں کا ردعمل دیکھا جا سکے۔

علاج

الکحل کی عدم برداشت – شفا نیوز

الکحل کی عدم برداشت کی علامات یا الرجک ردعمل سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ الکحل سے پرہیز کیا جائے۔ معمولی ردعمل کے لیے، اوور دی کاؤنٹر یا نسخے کے مطابق اینٹی ہسٹامینز کا استعمال علامات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اپوائنٹمنٹ کی تیاری

الکحل کی عدم برداشت عام طور پر کوئی سنگین مسئلہ پیدا نہیں کرتی۔ اس سے محض پرہیز ہی کافی ہوتا ہے۔ اگر آپ ڈاکٹر سے ملنا چاہیں تو ان چیزوں کی ایک فہرست بنا لیں:

* اپنی علامات، بشمول وہ جو آپ کو غیر متعلق بھی لگیں

* اہم ذاتی معلومات، بشمول شدید ذہنی دباؤ اور زندگی میں آنے والی بڑی تبدیلیاں۔ دباؤ بعض اوقات الرجک ری ایکشن یا حساسیت کو بڑھا سکتا ہے

* وہ تمام ادویات، وٹامنز یا سپلیمنٹس جو آپ لے رہے ہیں اور ان کی خوراک

ڈاکٹر سے پوچھنے کے لیے سوالات

الکحل کی عدم برداشت پر ڈاکٹر سے پوچھنے کے لیے کچھ سوالات یہ ہو سکتے ہیں:

* الکحل کی عدم برداشت کا سبب کیا ہے؟

* کیا میری کوئی میڈیسن اس مسئلے کو بڑھا رہی ہے؟

* میری علامات کے دیگر ممکنہ اسباب کیا ہو سکتے ہیں؟

* مجھے کون سے ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے؟

* اس حوالے سے علاج کے آپشنز کیا ہیں؟

* کیا مجھے الکحل چھوڑنا ہو گی؟

کوئی اور سوال ذہن میں ہو تو پوچھنے سے مت ہچکچائیں۔

ڈاکٹر کے ممکنہ سوالات

* آپ نے علامات کب محسوس کیں؟

* کون سے ڈرنک (بیئر، وائن، مکسڈ ڈرنک یا کوئی اور) علامات کو بڑھاتے ہیں؟

* علامات کتنی شدید ہیں؟

* ڈرنک کرنے کے بعد علامات ظاہر ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے؟

* کتنا ڈرنک کرنے پر کوئی جسمانی ری ایکشن محسوس ہوتا ہے؟

* کیا آپ نے اوور دی کاؤنٹر دوائیں استعمال کی ہیں؟ اگر ہاں، تو کیا وہ مددگار ثابت ہوئیں؟

* کیا آپ کو فوڈ، پولن، گرد یا کسی اور چیز سے الرجی ہے؟

اس دوران آپ یہ کر سکتے ہیں

* اس ڈرنک سے پرہیز کریں جو علامات کا سبب بنتا ہو

* ہلکے ری ایکشن میں اوور دی کاؤنٹر اینٹی ہسٹامینز مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ اگر شدید ری ایکشن ہو، نبض کمزور ہو، قے آتی ہو یا سانس لینے میں مشکل ہو تو بلا تاخیر ہسپتال کی ایمرجنسی میں رابطہ کریں

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

لاہور میں وائرل انفیکشن، ڈاکٹروں کو کووڈ کا شبہ

Read Next

اسلام میں برین ڈیتھ کے بعد اعضاء کے عطیے کی اجازت ہے: علما اور طبی ماہرین

Leave a Reply

Most Popular