ایج سپاٹس (Age spots) جلد پر نمودار ہونے والے چھوٹے اور چپٹے نشانات ہیں۔ گہرے رنگ کے حامل ان نشانات کا سائز مختلف ہو سکتا ہے۔ یہ بالعموم جسم کے ان حصوں (مثلاً چہرے ، ہاتھوں، کندھے اور بازوؤں) پر بنتے ہیں جن پر دھوپ زیادہ پڑتی ہے۔ ان نشانات کو سن سپاٹس اور سولر لینٹی جینز (solar lentigines) بھی کہا جاتا ہے۔ انہیں لیور سپاٹس (Liver spots) بھی کہا جاتا ہے، حالانکہ ان کا جگر سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک زمانے میں خیال کیا جاتا تھا کہ یہ دھبے جگر کی خرابی کی وجہ سے بنتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہیں "لیور” یعنی جگر سے منسوب کیا گیا۔
ان دھبوں کو ایج سپاٹ کہنے کا سبب یہ ہے کہ وہ عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ بنتے ہیں۔ 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں یہ زیادہ عام ہیں، تاہم دھوپ میں زیادہ وقت گزارنے والے کم عمر لوگ بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
علامات

ایج سپاٹس تمام اقسام کی جلد پر بن سکتے ہیں، تاہم یہ ہلکی رنگت والے بالغ افراد میں زیادہ عام ہیں۔ فریکلز بچوں میں عام ہیں اور سورج کی روشنی نہ ملنے پر ختم بھی ہو جاتے ہیں۔ اس کے برعکس ایج سپاٹس ختم نہیں ہوتے۔ ان کی خصوصیات یہ ہیں:
* چپٹے اور بیضوی شکل کے ہوتے ہیں
* ہلکے یا گہرے بھورے رنگ کے ہوتے ہیں
* ان جگہوں پر ظاہر ہوتے ہیں جہاں زیادہ دھوپ پڑی ہو، جیسے ہاتھوں کی پشت، پیروں کے اوپر، چہرہ، کندھے اور پیٹھ کا اوپر والا حصہ
* یہ چھائیوں کے سائز سے لے کر تقریباً 1/2 انچ (13 ملی میٹر) تک پھیل سکتے ہیں
* یہ جمگھٹے کی شکل میں بھی ہو سکتے ہیں۔ اس سے یہ زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
عام حالات میں ایج سپاٹس کے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کوئی دھبہ سیاہ ہو یا اس کی شکل میں تبدیلی آئی ہو تو یہ میلانوما کی علامت ہو سکتی ہیں۔ یہ جلد کے کینسر کی ایک سنگین قسم ہے۔ اس لیے جلد پر کسی بھی نئی تبدیلی کی صورت میں ماہر امراض جلد (ڈرماٹالوجسٹ) سے رابطہ کرنا چاہیے، خاص طور پر اگر کوئی دھبہ:
* سیاہ ہو
* سائز میں بڑھ رہا ہو
* اس کے گرد بے قاعدہ حاشیہ ہو
* اس میں رنگوں کا غیر معمولی امتزاج ہو
* ان سے خون بہتا ہو
وجوہات
ایج سپاٹس پگمنٹ سیلز (رنگ بنانے والےخلیے) کے زیادہ فعال ہونے کی وجہ سے بنتے ہیں۔ الٹراوائلٹ شعاعیں میلانن کی پیداوار بڑھا دیتی ہیں۔ یہ ایک قدرتی پگمنٹ ہے جو جلد کو خاص رنگ دیتا ہے۔ یہ سپاٹس اس وقت بنتے ہیں جب میلانن ایک جگہ جمع ہو جائے یا اس کی مقدار زیادہ ہو جائے۔ سالوں تک مسلسل سورج کی روشنی میں رہنا اس کا امکان بڑھا دیتا ہے۔ کمرشل ٹیننگ لیمپ اور بیڈز کا استعمال بھی اس کا سبب بن سکتا ہے۔
خطرے کے عوامل
آپ میں ایج سپاٹس ہونے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے اگر آپ:
* ہلکی رنگت کے حامل ہیں
* سورج کی روشنی میں زیادہ وقت گزارتے ہیں یا آپ کو کبھی سن برن ہوا ہو
احتیاطی تدابیر
ایج سپاٹس ظاہر ہونے اور علاج کے بعد نئے دھبے بننے سے بچنے کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں:
تیز دھوپ سے بچیں
تیز دھوپ کے اوقات میں باہر جانے سے پرہیز کریں۔ باہر کے کاموں کے لیے کوئی اور وقت طے کریں
سن سکرین استعمال کریں
باہر جانے سے 15 سے 30 منٹ پہلے براڈ سپیکٹرم سن سکرین لگائیں۔ اس کا سن پروٹیکشن فیکٹر( ایس پی ایف) کم از کم 30 ہونا چاہیے۔ سن سکرین زیادہ اور ہر دو گھنٹے بعد لگائیں۔ اگر آپ سوئمنگ کرتے ہوں یا پسینے سے گیلے ہو رہے ہوں تو اسے زیادہ بار لگائیں۔
جسم کو ڈھانپیں
دھوپ سے بچاؤ کے لیے ایسا لباس پہنیں جو آپ کے بازوؤں اور ٹانگوں کو اچھی طرح ڈھانپیں۔ اگر ممکن ہو تو ایسے کپڑے پہنیں جن کا الٹرا وائلٹ پروٹیکشن فیکٹر ( یو پی ایف) 40 سے 50 ہو۔ یہ آپ کو بہتر تحفظ فراہم کریں گے۔
تشخیص
ایج سپاٹس کی تشخیص میں یہ امور شامل ہیں:
بصری معائنہ
ڈاکٹر عام طور پر جلد کو دیکھ کر ایج سپاٹس کی تشخیص کر لیتا ہے۔ اس کی علامات دیگر جلدی بیماریوں سے ملتی جلتی ہیں، لہٰذا اس کی تشخیص کےلیے مزید اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا علاج مختلف ہوتا ہے، اور غلط علاج سے اصل علاج میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
جلد کی بائیوپسی
جلد کا چھوٹا سا نمونہ نکال کر اس کا لیبارٹری میں معائنہ کیا جاتا ہے۔ اسے بائیوپسی کہتے ہیں جس کا مقصد ایج سپاٹس کو دیگر بیماریوں مثلاً لینٹیگو مالیگنا (lentigo maligna) سے الگ کرنا ہے۔ یہ جلد کے کینسر کی ایک قسم ہے۔ بائیوپسی عموماً لوکل انستھیزیا کے ساتھ کی جاتی ہے۔ اس میں جسم کے مخصوص حصے کو سن کیا جاتا ہے تاکہ درد کا احساس نہ ہو
علاج

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ایج سپاٹس کم نظر آئیں، تو انہیں ہلکا کرنے یا ہٹانے کے لیے علاج موجود ہیں۔ پگمنٹ جلد کی سب سے اوپری تہہ میں ہوتا ہے۔ اس لیے ایج سپاٹس کو ہلکا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے کسی بھی چیز کو اس تہہ میں داخل کرنا ضروری ہے۔ اس کے لیے یہ طریقے استعمال ہوتے ہیں:
ادویات
نسخے کےمطابق بلیچینگ کریم (hydroquinone) کو اکیلے، دیگر ادویات یا ہلکے سٹیرائیڈز کے ساتھ لگانے سے دھبے چند مہینوں میں ہلکے ہو جاتے ہیں۔ ان کے استعمال سے عارضی طور پر جلد پر خارش، جلن، سرخی یا خشکی کی علامات سامنے آ سکتی ہیں۔
لیزر اور ای پی ایل تھیراپی
لیزر اور آی پی ایل (Intense Pulsed Light) تهیراپی سے میلانن پیدا کرنے والے خلیوں (میلانو سائیٹس) کو ختم کیا جاتا ہے۔ آئی پی ایل تھیراپی میں تیز روشنی مختصر وقت کے لیے جلد پر ڈالی جاتی ہے۔ یہ جلد کی تہوں میں جذب ہو کر ان کا علاج کرتی ہے۔ اس سے جلد کی سطح کو نقصان نہیں پہنچتا۔ عام طور پر اس کے لیے دو سے تین سیشنز درکار ہوتے ہیں۔ جلد کی سطح کو ہٹانے کے لیے ابلیٹیو لیزر استعمال کیے جاتے ہیں جو جلد کی اوپر والی تہہ (ایپی ڈرمس) کو ہٹا دیتے ہیں۔
فریزنگ
کریو تھراپی (فریزنگ) میں کاٹن پر لگا سویب استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے پانچ سیکنڈ یا اس سے کم وقت کے لیے مائع نائٹروجن ایج سپاٹس پر لگائی جاتی ہے۔ اس سے جلد کی اضافی رنگت کم ہو جاتی ہے۔ جیسے ہی وہ جگہ صحت یاب ہوتی ہے، جلد ہلکی نظر آتی ہے۔ چھوٹے دھبوں یا دھبوں کے گروپوں پر فریزنگ سپرے بھی کیا جاتا ہے۔ اس سے عارضی طور پر جلد میں جلن پیدا ہو سکتی ہے۔ کبھی کبھار مستقل داغ یا رنگت میں تبدیلی کا معمولی سا خطرہ بھی ہوتا ہے۔
جلد کو رگڑ کر ہموار کرنا
جلد کی سطح کو تیز رفتار گھومنے والے برش سے رگڑ کر ہموار کیا جاتا ہے۔ اسے ڈرما بریژن (dermabrasion) کہتے ہیں۔ ہموار ہونے والی جگہ نئی جلد پیدا ہوتی ہے۔ پہ پروسیجر ایک سے زیادہ بار کرانا پڑ سکتا ہے۔ اس کے ممکنہ ضمنی اثرات میں جلد کی عارضی سرخی، خشکی اور سوجن شامل ہیں۔ جلد کی گلابی رنگت ختم ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
مائیکرو ڈرمابریژن
یہ ڈرمابریژن سے ہلکا پروسیجر ہے جس میں جلد کے معمولی دھبوں کو ہموار کیا جاتا ہے۔ اس علاج کے نتائج عارضی اور معمولی ہوتے ہیں۔ مائیکرو ڈرمابریژن کے مکمل اثرات دیکھنے کے لیے متعدد سیشنز کی ضرورت ہوتی ہے، اور یہ سیشنز مہینوں تک جاری رہتے ہیں۔
متعلقہ جگہ پر ہلکی سرخی یا جلن محسوس ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کو روزیشیا (rosacea) یا چہرے پر چھوٹی سرخ رگیں ہیں، تو یہ ٹیکنیک اسے مزید خراب کر سکتی ہے۔
کیمیائی محلول کا استعمال
اس طریقہ کار میں جلد پر کیمیائی محلول لگایا جاتا ہے تاکہ اوپر کی تہوں کو ہٹایا جا سکے۔ اسے کیمیائی چھیلنا (chemical peeling) کہتے ہیں۔ اس کے بعد نئی اور ہموار جلد بنتی ہے۔ اس کے ممکنہ ضمنی اثرات میں داغ بننا، انفیکشن اور جلد کی رنگت کا ہلکا یا گہرا ہونا شامل ہیں۔ علاج کے بعد جلد کی سرخی کئی ہفتوں تک رہ سکتی ہے۔ مطلوبہ نتائج کے لیے آپ کو کئی سیشنز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ایج سپاٹس کے علاج کے تمام پروسیجر کلینک میں کیے جاتے ہیں اور ان کے لیے ہسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہر پروسیجر کا دورانیہ اور نتائج دینے کا وقت مختلف ہوتا ہے۔ یہ ہفتوں سے لے کر مہینوں تک ہو سکتا ہے۔ علاج کے بعد، باہر نکلتے وقت آپ کو کم از کم ایس پی ایف 30 کے ساتھ براڈ سپیکٹرم سن سکرین استعمال کرنے اور حفاظتی لباس پہننے کی ضرورت ہو گی۔
ان طریقوں کے ضمنی اثرات بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے آپشنز کے انتخاب سے قبل ڈرماٹالوجسٹ سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ چونکہ ایج سپاٹس کا علاج کاسمیٹک سمجھا جاتا ہے، اس لیے انشورنس کمپنیاں عموماً اسے کور نہیں کرتیں۔
سیلف کیئر
ایج سپاٹس کو ہلکا کرنے والی ایسی بہت سی کریمز اور لوشنز دستیاب ہیں جنہیں بغیر ڈاکٹری نسخے کے خریدا جا سکتا ہے۔ یہ ایج سپاٹس کی ظاہری شکل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ دھبے کتنے گہرے ہیں اور آپ کریم کتنی بار لگاتے ہیں۔ آپ کو انہیں کئی ہفتوں یا مہینوں تک با قاعدگی سے استعمال کرنا پڑ سکتا ہے۔
اگر آپ کو اوور دی کاؤنٹر، یعنی بغیر ڈاکٹری نسخے کے کریم استعمال کرنا ہو تو وہ آزمائیں جس میں ہائیڈرو کینون، گلائیکولک ایسڈ یا کوجک ایسڈ ہو۔ یہ اجزاء جلد کی رنگت ہلکی کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ہائیڈرو کینون والی مصنوعات جلد پر جلن پیدا کر سکتی ہیں۔ اس لیے پہلے اس کی تھوڑی مقدار آزمائیں یا ماہرِ امراضِ جلد سے مشورہ کریں۔ ایج سپاٹس کو نمایاں ہونے سے بچانے کے لیے میک اپ بھی کیا جا سکتا ہے۔
اپوائنٹمنٹ کی تیاری

آپ جنرل فزیشن سے ملیں۔ وہ بوقت ضرورت آپ کو ڈرماٹالوجسٹ کے پاس ریفر کر سکتا ہے۔
ڈاکٹر کے متوقع سوالات
ڈاکٹر آپ سے کئی سوالات کر سکتا ہے۔ مثلاً:
* آپ نے اپنی جلد پر دھبے پہلی بار کب دیکھے؟
* کیا دھبے آہستہ آہستہ ظاہر ہوئے یا اچانک؟
* کیا آپ نے اپنی جلد کی ظاہری شکل میں کوئی اور تبدیلی محسوس کی؟
* کیا یہ حالت خارش، درد یا کسی اور طرح کی بے آرامی کا سبب بنتی ہے؟
* کیا آپ کو بار بار یا شدید سن برن ہوا ہے؟
* آپ دھوپ میں کتنا رہتے ہیں؟
* کیا آپ خود کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے باقاعدگی سے بچاتے ہیں؟
* آپ کس قسم کا سن پروٹیکشن استعمال کرتے ہیں؟
* کیا آپ کی فیملی میں ایج سپاٹس یا سکن کینسر کی ہسٹری ہے؟
* آپ اس کے لیے کون سی ادویات لے رہے ہیں؟
ڈاکٹر سے پوچھنے کی باتیں
آپ اپنے ڈاکٹر سے یہ سوالات بھی کر سکتے ہیں:
* جلد میں ایسی کون سی تبدیلیاں ہیں جن کے بارے میں مجھے چوکنا رہنا چاہیے؟
* اگر یہ دھبے ایج سپاٹس ہیں، تو میں اپنی جلد کو بہتر بنانے کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟
* کیا علاج ان دھبوں کو مکمل طور پر ختم کر دیتا ہے، یا انہیں محض ہلکا کرتا ہے؟
* کیا یہ دھبے سکن کینسر میں تبدیل ہو سکتے ہیں؟
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
