میڈیکل سائنس میں پیش رفتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق اے آئی کی مدد سے دل کے دورے کا کئی دن پہلے اندازہ لگانا ممکن ہو گیا ہے۔ ان کے بقول دل کی بے ترتیب دھڑکن (اردمیا) کی پیشگوئی دو ہفتے پہلے کی جا سکتی ہے۔ یہ تحقیق یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہوئی ہے۔
محققین نے 240,000 سے زائد ایمبولینٹری ای سی جی ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔ اس میں چھ ممالک (امریکہ، فرانس، برطانیہ، جنوبی افریقہ، بھارت اور چیکیا) کے باشندوں کی ای سی جی شامل تھی۔ اے آئی الگورڈم نے ان مریضوں کی نشاندہی کی جنہیں دو ہفتوں میں دل کا دورہ پڑ سکتا تھا۔ حیرت انگیز طور پر اس کی درستگی 70 فیصد تھی۔
محققین نے اے آئی کی مدد سے دل کی دھڑکن کے برقی سگنلز کا 24 گھنٹے تک تجزیہ کیا۔ انہوں نے ایسی علامات کی نشاندہی کی جو اردمیا کا باعث بن سکتی تھیں۔ ان کی بنیاد پر کارڈیئک اریسٹ کا خطرہ موجود تھا۔ تحقیق اس بات کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ اے آئی کی مدد سے دل کے اچانک دورے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ یہ نظام ابھی جائزے کے مرحلے میں ہے، تاہم یہ 70 فیصد کیسز میں درست پیش گوئی کر چکا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل نہ صرف ہسپتالوں میں بلکہ ایمبولینٹری آلات اور سمارٹ واچز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔