ایپل کمپنی اپنے آئی فون میں اے آئی ڈاکٹر متعارف کرانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق منصوبے کا نام ’پروجیکٹ مل بیری‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایسا اے آئی ایجنٹ بنانا ہے جو ماہر ڈاکٹر کی طرح مشورے دے سکے۔ ’ہیلتھ پلس‘ کے نام سے سبسکرپشن سروس بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سسٹم کو حقیقی ڈاکٹروں کی مدد سے تربیت دی جا رہی ہے۔ ایپل کا یہ نظام ایپل واچ سمیت دیگر ڈیوائسز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا استعمال کرے گا۔ مصنوعی ذہانت کا حامل ڈاکٹر اس کی مدد سے تجزیہ کر کے مشورے دے گا۔ اس میں خوراک سے متعلق معلومات مثلاً نئے ڈیٹا پوائنٹس وغیرہ بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
کمپنی پہلے ہی ’ایپل انٹیلیجنس‘ کے تحت مختلف سروسز میں اے آئی شامل کر چکی ہے، تاہم حالیہ منصوبے کو کچھ تکنیکی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ دیگر کمپنیاں بھی صحت سے متعلق مشوروں کے لیے اس کا استعمال کر رہی ہیں۔