پاکستان میں پولیو سے بچاؤ کے لیے 145 خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز قائم کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام عید کی تعطیلات میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( ای او سی) کے مطابق، عید ویکسینیشن سٹالز 3 اپریل تک فعال رہیں گے۔ انہیں بڑے شاپنگ مالز اور تفریحی مقامات پر لگایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک ویکسینیشن کی رسائی ممکن ہو۔ مزید برآں 644 پولیو ویکسینیشن ٹیمیں اہم سفری مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔ ان کا مقصد سفر کے دوران بچوں کو ویکسین فراہم کرنا ہے۔
مایرین نے پولیو سے بچاؤ کے لیے مسلسل ویکسینیشن مہم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ای او سی حکام کے مطابق ملک گیر پولیو مہم 21 سے 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ قطرے نہ پلانے سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔