پشاور کے آر ایم آئی میں صحت کارڈ کے تحت دل کے 174 کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں۔ رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والی سرجریز میں 26 بچوں کے آپریشن بھی شامل ہیں۔ یوں ہسپتال اور ہیلتھ کارڈ کی بدولت بچوں اور بڑوں کو نئی زندگی ملی ہے۔
بچوں کے تمام آپریشن ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق سہیل بابر نے کیے۔ ان کے مطابق تمام بچے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ زیادہ تر کو مکمل صحت کے ساتھ ہسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں ہر سال 60,000 سے زائد بچے دل کی پیدائشی بیماری (سی ایچ ڈی) کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ اس بیماری کی وجوہات دل کے والوز کا خراب ہونا، دل کی ساخت کے مسائل اور دل کے خانوں میں سوراخ شامل ہیں۔ مرض کی علامات میں بے قاعدہ سانس، جسمانی کمزوری اور نشوونما بہتر نہ ہونا نمایاں ہیں۔
ڈاکٹر طارق کے مطابق سی ایچ ڈی کی تشخیص حمل کے دوران بھی ممکن ہے۔ اگر بروقت علاج کیا جائے تو 85 فیصد متاثرہ بچے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔
آر ایم آئی میں صحت کارڈ پر دل کے آپریشن ایک حوصلہ افزاء خبر ہے۔ اسے صوبے اور ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دینے کی ضرورت ہے۔