ڈبلیو ایچ او جدہ میں گلوبل ہیلتھ اکیڈمی کے قیام میں پاکستان کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت مشرقی بحیرہ روم کی علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی نے وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال سے کہی۔ ٹیلیفونک گفتگو میں وفاقی وزیر صحت نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ ان کے مجوزہ دورے کا ایجنڈا ملک میں نگہداشت صحت کی صورت حال، مسائل اور پبلک ہیلتھ کے اہداف ہوں گے۔
ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے ان سے کہا کہ صحت کے چیلنجز سرحدوں سے ماورا ہیں۔ اس تناظر میں پاکستان گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے جدہ میں گلوبل ہیلتھ اکیڈمی قائم کرے گا۔
وزیر صحت نے انہیں بتایا کہ ہیپاٹائٹس پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ملک میں 1 کروڑ سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس مرض کے خاتمے کے لیے ایک قومی پروگرام شروع کیا ہے۔ گلگت بلتستان کے دو اضلاع میں اس کا پائلٹ پروجیکٹ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے اپریل میں بڑی مہم شروع کی جائے گی۔
ڈاکٹر حنان بلخی نے پولیو کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈبلیو ایچ او پولیو سمیت دیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔