ماہرین کے مطابق مسلسل تھکاوٹ ایک سنگین بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔ یہ مرض کرونک فٹیگ سنڈروم (سی ایف ایس) یا مائیالجک انسیفیلومائیلائٹس (ایم ای) ہے۔ اس کی علامات میں شدید کمزوری، ذہنی دھند اور بے وجہ درد نمایاں ہیں۔
ڈاکٹر محمد عنایت لندن میں قائم طویل العمری کلینک” HUM2N ”کے بانی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک پیچیدہ بیماری ہے، جو بغیر کسی واضح وجہ کے شدید تھکن کا باعث بنتی ہے۔ اس کی حتمی وجہ معلوم نہیں، لیکن ماہرین اسے مدافعتی اور اعصابی نظام کی خرابی سے جوڑتے ہیں۔ اکثر لوگ اسے عام تھکن یا ذہنی دباؤ سمجھتے ہیں۔ یہ نفسیاتی بیماری نہیں، تاہم اس کے ساتھ ذہنی صحت کے مسائل ہو سکتے ہیں۔
اس کی سب سے عام علامت چھ ماہ تک برقرار رہنے والی مسلسل تھکاوٹ ہے۔ دیگر علامات میں غیر تسلی بخش نیند، ذہنی دھند، پٹھوں اور جوڑوں کا درد، سر درد، چکر آنا اور ہاضمے کے مسائل شامل ہیں۔
فائبرو مائیلجیا، ہائپوتھائیرائڈزم، آٹو امیون ڈیزی، لائم بیماری، ڈپریشن اور پوسٹ-وائرل سنڈروم کی بھی ایسی ہی علامات ہیں۔ اس لیے اس کی تشخیص میں مشکل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بروقت تشخیص اور مناسب کیئر ہی اس کا بہترین حل ہے۔