سبزی منڈی کچرے کا ڈھیر بن گئی، صحت عامہ خطرے میں۔ شفا نیوز
اسلام آباد کی سبزی منڈی، آئی-11 میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں۔ اس سے وہ کچرے کا ڈھیر بن گئی ہے۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود اس کا مؤثر انتظام نہیں کیا گیا۔ متعلقہ حکام اور دکانداروں کی لاپروائی صحت عامہ کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
سبزی منڈی شہر میں پھلوں اور سبزیوں کی تجارت کا مرکز ہے۔ تاہم اب یہ گندگی کا ڈھیر بنتی جا رہی ہے۔ دکاندار خراب ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کو ارد گرد یونہی پھینک دیتے ہیں۔ نامیاتی فضلہ بدبو اور ماحولیاتی آلودگی پیدا کر رہا ہے۔
راہگیروں کا کہنا ہے کہ یہاں سے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کالج کی ایک طالبہ نے کہا کہ جب ان کی بس سبزی منڈی کے قریب رکتی ہے تو بدبو ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ بہت سے مسافر اس سے بچنے کےلیے متبادل راستہ اختیار کرتے ہیں۔
دکانداروں نے شکایت کی کہ انہیں کچرا تلفی کے درست طریقوں سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہیں اس حوالے سے مناسب سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔