ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول نے پنجاب میں انجیکشن "ویکسا” اور محلول "نیوٹرولائن” کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ اس حوالے سے تمام فارمیسیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص بیچ کے انجکشن صحت کے لیے خطرہ ہیں۔ ادویات کے ٹیسٹ مکمل ہونے تک ان کا استعمال روکا جائے۔ یہ فیصلہ لاہور کے میو ہسپتال میں اس انجکشن کے ری ایکشن پر کیا گیا۔
واضح رہے کہ نجی کمپنی کے انجکشن سے 36 سالہ مریضہ نورین جاں بحق ہو گئی تھیں۔ اس سے 15مریض متاثر ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک اور مریض دولت خان بھی دم توڑ گیا۔ مریض وینٹی لیٹر پر تھا۔
چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے مریضوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ پنجاب میں انجیکشن "ویکسا” اور محلول "نیوٹرولائن” پر پابندی کو سراہا گیا ہے، تاہم تین نرسوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے جانے پر نرسوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔