پاکستان میں خواتین کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی ہیلتھ کیئر سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔ سینٹر فار اکنامک ریسرچ (سی ای آر پی) کی طرف سے اس کا اہتمام لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں کیا گیا۔ فیمن ٹیک انوویشن حب فار پاکستان (ایف آئی ایچ پی) میں گیٹس فاؤنڈیشن کا خصوصی تعاون شامل ہے۔ اس کا مقصد خواتین کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی ہیلتھ کیئر سٹارٹ اپس کو مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر کم آمدنی والی کمیونٹیز کی خواتین کے لیے رکھی گئی ہے۔
تقریب سے سی ای آر پی کے ایگزیکٹو نائب صدر عمران ضیاء نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خواتین کو صحت کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں۔ ٹیکنالوجی، تحقیق اور شراکت داری کے ذریعے اس خلا کو پُر کیا جائے گا۔
پاکستان میں خواتین کی صحت پر کام کرنے والی 10 سے کم فیمن ٹیک کمپنیاں ہیں۔ دوسری طرف 4 کروڑ 50 لاکھ خواتین کو بنیادی صحت کی سہولیات دستیاب نہیں۔ ایف آئی ایچ پی کا مقصد سٹارٹ اپس کو وسائل، تربیت اور نیٹ ورکس فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت ہائبرڈ انکیوبیشن، ماہرین کی تربیت، ریگولیٹری رہنمائی اور عالمی ماہرین کی سرپرستی فراہم کی جائے گی۔ ماں اور بچے کی صحت، ماہواری کی صحت، ذہنی صحت، دائمی امراض، تولیدی نگہداشت اور ڈیجیٹل صحت پر کام کرنے والے سٹارٹ اپس آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔