ماہرین صحت کےمطابق واک کی عادت سے عمر میں ڈھائی سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ لندن سکول آف اکنامکس کی ایک تحقیق کے مطابق ہفتے میں 15 ہزار قدم چلنے سے سنگین بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیق ویٹیلٹی انشورنس کمپنی کے ساتھ مل کر کی گئی۔ اس میں برطانیہ اور جنوبی افریقہ کے 10 لاکھ سے زائد افراد کا 10 سال تک جائزہ لیا گیا۔
واک موٹاپے، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرتی ہے۔ ذیابیطس کے مریض ہفتے میں 15 ہزار قدم چلیں تو موت کا خطرہ 40 فیصد کم ہوتا ہے۔ وہ اس تعداد کو ہفتے میں تین بار 5 ہزار قدم کے ذریعے پورا کر سکتے ہیں۔
سڈنی یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق ہر اضافی قدم دل اور قبل از وقت موت کے خطرے کو گھٹاتا ہے۔ روزانہ 10 ہزار قدم چلنے سے دماغی تنزلی کا خطرہ 50 فیصد اور دل و کینسر کے امراض کا خطرہ 30 سے 40 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
بالعموم روزانہ اوسطاً 10 ہزار قدم چلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ بہت فائدہ مند ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس سے کم قدموں سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ لہٰذا بڑا ٹارگٹ دیکھ کر واک چھوڑ نہین دینی چاہیے۔