کینیڈا میں مقیم ایک پاکستانی ڈاکٹر عمر اسلام نے کم لاگت ایم آر آئی مشین تیار کی ہے۔ یہ مشین چھوٹے ہسپتالوں اور دیہی طبی مراکز کے لیے بہت کارآمد ہے۔ ڈاکٹر عمر کینیڈا کے کنگسٹن ہیلتھ سائنسز سینٹر ( کے ایچ ایس سی) میں شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ہیں۔ چند سال قبل ایک طبی نمائش میں انہوں نے پورٹیبل ایم آر آئی مشین (Swoop MRI) دیکھی۔ یہ مشین آئی سی یو کے لیے امریکی کمپنی نے بنائی تھی۔
روایتی ایم آر آئی مہنگی اور بھاری ہوتی ہے جو بالعموم بڑے ہسپتالوں میں ہی دستیاب ہو ستی ہے۔ اس لیے دیہی علاقوں کے مریضوں کو شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس میں زیادہ وقت اور پیسہ خرچ ہوتا ہے۔
پاکستانی ڈاکٹر عمر نے مشین کو چھوٹے طبی مراکز کے لیے موزوں بنانے کا فیصلہ کیا۔ امریکی کمپنی نے ان کی تجاویز پر مشین میں تبدیلیاں کیں۔ کینیڈین محکمہ صحت نے بھی اس کی منظوری دے دی۔ اب یہ مشین کینیڈا کے چھوٹے شہروں اور قصبوں میں نصب کی جا رہی ہے۔ ہزاروں افراد اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہ مشین کم بجلی خرچ کرتی ہے اور چلانے میں بھی آسان ہے۔
ڈاکٹر عمر چاہتے ہیں کہ یہ مشین پاکستان میں بھی آئے۔ بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے دیہی علاقوں میں اس کی تنصیب کا منصوبہ ہے۔ اس سے لاکھوں افراد کو سستی اور فوری طبی سہولت مل سکے گی۔