راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ٹریفک وارڈنز کے ذہنی دباؤ پر ایک سیمینار منعقد کیا۔ پانچ روزہ سیمینار میں ‘سٹریس مینجمنٹ’ کی تربیت دی گئی۔ ماہر نفسیات فروا نقوی نے اہلکاروں کو دباؤ سے نپٹنے کے عملی طریقے سکھائے۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق یہ سمینار ان کے لیے بہت مفید ثابت ہوا ہے۔ ٹریفک پولیس آفیسر عصمت سجاد نے کہا کہ اس ٹریننگ سے انہیں کئی نئی چیزیں سیکھنے کو ملی ہیں۔ اس سے ہمیں دباؤ میں بہتر کام کرنے میں مدد ملے گی۔ ایک اور اہلکار ملک بلال نے کہا کہ سیشنز نے انہیں صبر اور ہمدردی سکھائی۔
ٹریفک وارڈنز میں ذہنی دباؤکی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ وارڈن محمد افضل کے بقول چالان کے وقت لوگوں عمومی رویہ نامناسب ہوتا ہے۔ ناصر جدون نے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان سے لوگ خوش نہیں ہوتے، مگر نرمی سے بات کی جائے تو ان کا ردعمل بہتر ہوتا ہے۔
فروا نقوی کے مطابق ایسی ٹریننگ کا کلچر پاکستان میں کم ہے۔ تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ ادارے ملازمین کی ذہنی صحت پر توجہ دے رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے بھی اسے مثبت قدم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس سے ان کے کام میں بہتری آئی گی اور عوام کو بھی فائدہ ہو گا۔