حکومتِ پاکستان نے پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کے لیے ملک گیر مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ مہم 10 سے 14 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔ اس دوران ملک بھر میں ہزاروں بچوں کو ادویات فراہم کی جائیں گی۔
مہم کا بنیادی مقصد بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ ان میں غذائی قلت میں کمی، ذہنی صلاحیت میں بہتری اور سکول حاضری بڑھانا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہیں۔ اس کی افتتاحی تقریب اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سرکاری عہدیداران اور صحت و تعلیم کے ماہرین نے شرکت کی۔
والدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بچوں کی صحت اور تعلیمی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ کچھ والدین میں اس حوالے سے غیرحقیقی شکوک و شبہات بھی پائے جاتے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ والدین کو چاہیے کہ پورے اعتماد سے اپنے بچوں کو دوا دیں تاکہ وہ مضرصحت پیٹ کے کیڑوں سے تحفظ پا سکیں۔