درد کش ادویات سنگین بیماریوں کے علاج میں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے نئی ادویات بہت کم سامنے آتی ہیں۔ اب امریکہ میں 25 سال بعد نئے پین کلر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نئی دوا سوزیٹریجین (Suzetrigine) ہے جو جرناوکس (Journavx) کے برانڈ نام سے فروخت کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ دوا زیادہ محفوظ اور مؤثر متبادل ثابت ہو گی۔ اس سے امریکہ میں اوپیئوڈز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایف ڈی اے کے مطابق، سوزیٹریجین 50 ملی گرام گولی ہے جو ہر 12 گھنٹے بعد کھانے کے بعد لی جاتی ہے۔ اس دوا کی منظوری طویل تحقیق اور تجرباتی مراحل کے بعد دی گئی ہے۔ اس میں اس کی اثر پذیری اور محفوظ ہونے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اوپیئوڈ وہ ادویات ہیں جو شدید درد کو کم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ سرجری کے بعد اور کینسر یا دیگر سنگین بیماریوں میں زیادہ استعمال ہوتی ہیں۔ تاہم ان میں نشہ آور اثرات کے سبب ان کا زیادہ یا غلط استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ اس وجہ سے لوگ اس کے عادی ہو جاتے ہیں۔ امریکہ میں 25 سال بعد نئے پین کلر کی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے۔ ماہرین امید کر رہے ہیں کہ اس سے ان ادویات کے غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی