خیبر پختونخوا حکومت نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو صحت کارڈ سکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ حکام کو اس کا کیس جلد از جلد تیار کر کے کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد بحالی مراکز کو بھی صحت کارڈ کے پینل میں شامل کیا جائے گا۔
منشیات کے عادی افراد کی بحالی سے متعلق فیصلہ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد منشیات کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بحالی کے پورے عمل کو ادارہ جاتی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مختلف محکموں اور اداروں کی ذمہ داریاں متعین کی جائیں گی۔
کچھ علاقوں میں افیون کی کاشت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ کسانوں کو متبادل فصلوں کی کاشت پر راضی کیا جا سکے۔ حکومت کسانوں کو بیج فراہم کرے گی۔
پولیس کو صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ مؤثر کارروائی میں ناکامی پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔