خواتین میں ماہانہ ایام کا ایک نظام موجود ہے جس کا تعلق تولیدی صحت سے ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مردوں میں بھی ہارمونل سائیکل موجود ہوتا ہے۔ یہ سائیکل ٹیسٹو سٹیرون کی مقدار میں کمی یا اضافے سے متاثر ہوتا ہے۔ تاہم یہ ماہانہ بنیادوں پر نہیں ہوتا۔ مردوں کی اس حالت کو اریٹیبل میل سنڈروم (آئی ایم ایس) کہا جاتا ہے۔
ایک محقق جیڈ ڈائمنڈ نے اس موضوع پر 10 ہزار مردوں کی رائے لی۔ اس کے بعد انہوں نے اریٹیبل میل سنڈروم کی اصطلاح متعارف کروائی۔ ان کے مطابق ہارمونل تبدیلیوں کے سبب مردوں میں ڈپریشن اور پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ سماجی اور خاندانی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔
کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک طبی حالت ہے جو ٹیسٹوسٹیرون کی کمی یا زیادتی کے سبب مردوں کے مزاج میں تبدیلیوں کو ظاہر کرتی ہے۔ دوسری جانب کچھ محققین اس اصطلاح سے اختلاف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مردوں کے مزاج میں تبدیلیاں ذہنی یا ماحولیاتی عوامل کے نتیجے میں بھی ہو سکتی ہیں۔