ماہرین کے مطابق دل کی صحت بہتر بنانے کا آسان نسخہ ورزش ہے۔ ہفتے میں ایک یا دو گھنٹے کی ورزش دل کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔ تاہم ہفتے میں چار گھنٹے کی ورزش دل کے لیے بہترین ہے۔ وقت نکالنا مشکل ہو تو شدت والی ورزش زیادہ فائدہ مند ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کی فٹنس کا معیار اچھا نہیں تو بھی پریشانی کی بات نہیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ فٹنس کا معیار جتنا کم ہو، ورزش کے فوائد اتنے ہی جلد نظر آنے لگتے ہیں۔
ایک تحقیق کے دوران خراب جسمانی فِٹنس کے حامل افراد کو میراتھن کے لیے ٹریننگ دی گئی۔ اس سے یہ بات سامنے آئی کہ ورزش کے دورانیے کو ہفتے میں سات سے نو گھنٹے تک بڑھانا دِل کی صحت میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے۔
ورزش میں شدت اختیار کرنا زیادہ فوائد حاصل کرنے کا آسان طریقہ ہے۔ یہ 20 منٹ کی ورزش ہوتی ہے۔ اس میں آپ 30 سے 60 سیکنڈ کے دورانیے کے لیے مختلف ورزشیں کرتے ہیں۔ ان کے درمیان مختصر وقفہ لیتے رہتے ہیں۔ ورزش کا دورانیہ کم ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ اگر آپ زیادہ جان لگا رہے ہیں تو کچھ ہفتوں میں رزلٹ آنے لگتے ہیں۔ آپ کے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ اگر آپ پہلے سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں تو آپ کو تھوڑا محتاط رہنا چاہیے۔ اس سلسلے میں معالج سے راہنمائی لیں۔