کافی دنیا کے مقبول ترین مشروبات میں سے ایک ہے۔ اس کا مناسب استعمال صحت کے لیے اچھا ہے۔ تاہم یہ سوال بہت اہم ہے کہ کافی کس وقت پینا زیادہ فائدہ مند ہے۔ ایک حالیہ امریکی تحقیق نے اس پر روشنی ڈالی ہے۔
تحقیق میں 40,000 سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ طویل مدتی سٹڈی میں یہ بات سامنے آئی کہ دن کا آغاز ایک کپ کافی سے کرنا فائدہ مند ہے۔ ایسے لوگوں کی صحت ان افراد کے مقابلے میں بہتر ہوتی ہے جو کافی نہیں پیتے۔ یہ تحقیق پہلی بار اس بات پر مرکوز ہے کہ کافی پینے کے وقت کا صحت پر کیا اثر پڑتا ہے۔ اس سے قبل کی تحقیقات میں کافی کے دل کی بیماریوں پر اثرات کے بارے میں مختلف نتائج سامنے آئے تھے۔ محققین کے مطابق صبح کافی پینے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ امراض قلب اور فالج کے باعث موت کا امکان 31 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شام میں کافی پینے سے جسمانی گھڑی اور نیند متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے یہ جاننا مفید ہے کہ کافی کس وقت پینی چاہیے۔ یہ تحقیق یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہوئی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل ایجنگ ریسرچ ریویوز میں شائع ہوئے۔ پرتگال میں کی گئی ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا کہ روزانہ کافی پینے سے اوسط عمر میں 1.8 سال کا اضافہ ممکن ہے۔ اس سے امراض قلب، فالج، ذیابیطس اور ڈپریشن کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔