آج رواں سال کا اۤخری دن ہے۔ 2024 سندھ میں صحت کے بحران کا سال رہا ہے۔ بخار کی مختلف اقسام، آلودہ پانی اور جان لیوا وائرس مسائل پیدا کرتے رہے۔ کراچی میں ہیٹ ویو کے نتیجے میں بھی متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔
محکمۂ صحت کے مطابق 6 ہزار سے زائد ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ بھر میں ڈینگی کے 2605 کیسز سامنے آئے۔ ان میں سے 2130 کیسز کراچی میں تھے۔ صوبے بھر میں ملیریا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ صاف پانی میں موجود دماغ خور جرثومے نیگلیریا نے 5 افراد کی جان لی۔ کانگو وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے ایک فرد کی موت واقع ہوئی۔ آلودہ پانی کی وجہ سے 5 لاکھ سے زائد ڈائریا کے کیسز سامنے آئے۔ ایچ آئی وی/ ایڈز سے سندھ میں 3 ہزار 176 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 483 افراد کی موت ہو گئی۔
وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ 2024 سندھ میں صحت کے حوالے سے مشکل سال تھا۔ تاہم تمام تر مسائل کے باوجود محکمۂ صحت کی کارکردگی اچھی رہی۔