سورائسز جلد کی بیماری ہے تاہم یہ ہائی کولیسٹرول کی ایک علامت بھی ہو سکتی ہے۔ گلوبل ہیلتھ ریسرچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جیمز او ڈوناوَن کا کہنا ہے کہ سورائسز سوزش پیدا کرتی، خون کی نالیوں کو متاثر کرتی اور دل کی بیماری کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
برطانیہ میں ہر 50 میں سے ایک شخص سورائسز سے متاثر ہے۔ ڈاکٹر او ڈوناوَن کے مطابق ابھی مکمل طور پر واضح نہیں کہ سورائسز کے مریضوں میں یہ خطرہ کیوں ہوتا ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی وجہ سوزش ہے۔
ڈاکٹر او ڈوناوَن نے جلد کی دیگر علامات کا بھی ذکر کیا۔ ان میں پیلے داغ، جلد کی رنگت میں تبدیلی، اور آنکھ کی پتلی کے گرد حلقہ شامل ہیں۔ انہوں نے متوازن غذا، ورزش اور طبی معائنے کی اہمیت پر زور دیا۔
نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق سورائسز کے مریضوں کو دل کے دورے اور فالج کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ یہ خطرہ شدید بیماری یا جوڑوں کی بیماری میں بڑھ جاتا ہے۔