امریکی ریاست کیلیفورنیا میں برڈ فلو کا پہلا شدید کیس سامنے آنے پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ سی ڈی سی نے لوئیزیانا میں سامنے آنے والے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ مریض کی عمر 65 سال ہے۔ اسے 18 دسمبر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ مریض کو سانس کی شدید تکلیف ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق، برڈ فلو پرندوں کے لعاب، بلغم، اور فضلے سے پھیل سکتا ہے۔ وائرس خام دودھ اور دیگر رطوبتوں سے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔ مریض بیک یارڈ پولٹری سے متاثر ہوا۔
جانز ہاپکنز سینٹر کے ماہر ڈاکٹر امیش ادلجا نے کہا کہ زیادہ تر کیسز دودھ دینے والے جانوروں سے وابستہ ہیں۔ تاہم کیلیفورنیا میں برڈ فلو کے مریض کا وائرس جنگلی پرندوں کی قسم سے متعلق ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق، اپریل 2024 سے اب تک امریکہ میں 61 برڈ فلو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ پرندوں، خام دودھ اور غیر پاسچرائزڈ مصنوعات سے دور رہیں۔