جاپان نے پاکستان میں پولیو مہم کے لیے 3.1 ملین ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ گرانٹ پولیو ویکسین کی 20 ملین سے زائد خوراکیں خریدنے میں مدد دے گی۔ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کو پولیو کے مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کا سامنا ہے۔ جاپانی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ یہ گرانٹ 2025 میں پاکستان کی ویکسینیشن مہم کو سپورٹ کرے گی۔ اس رقم کو پولیو ویکسینیشن کے لیے انفراسٹرکچر اور سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکومت پاکستان پولیو کیسز میں اضافے کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ اس ضمن میں عالمی شراکت داروں کی مدد سے جامع ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں پولیو مہم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ہم جاپان کی سپورٹ سے اپنی کوششوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ ہمارا ہدف اگلے برس کے وسط تک پولیو کیسز کی تعداد صفر تک لانا ہے۔
پاکستان میں ہر قومی پولیو ویکسینیشن مہم پانچ سال سے کم عمر کے 45 ملین سے زائد بچوں کو ٹارگٹ کرتی ہے۔ اس میں 400,000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز شامل ہوتے ہیں۔ ان کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہوتی ہے تاکہ ویکسین ہر بچے تک پہنچ سکے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد ممالک ہیں جہاں سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔