ہیلتھ کمیشن کی چھاپہ مار ٹیموں نے ملتان میں دو نجی ہسپتالوں کے ڈائلیسز یونٹس کو سیل کر دیا ہے۔ نشتر ہسپتال کے واقعے کے بعد کمیشن نے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے ڈائلیسز یونٹس کی انسپیکشن شروع کی تھی۔
کمیشن حکام کے مطابق دو نجی ہسپتالوں کے ڈائلیسز یونٹس ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ مریضوں کے ڈائلیسز سے قبل ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی/ایڈز کے ٹیسٹ لازمی قرار دیے گئے تھے۔ ان یونٹس میں یہ ٹیسٹ نہیں کیے جا رہے تھے۔
دوسری طرف نشتر لیبارٹری کی کوالٹی ایشورنس کروانے کا فیصلہ زیر غور ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان میں اکتوبر میں سکریننگ کے دوران 25 مریض ایچ آئی وی میں مبتلا نکلے تھے۔ نومبر میں ہسپتال کے ایم ایس، نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ، چار ڈاکٹروں اور ہیڈ نرس کو معطل کر دیا گیا تھا۔ انکوائری رپورٹ میں سکریننگ بروقت نہ ہونے، انفیکشن کنٹرول کے ناقص نظام، معلومات چھپانے اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی نشاندہی کی گئی تھی۔