کوئٹہ کے سنڈیمن صوبائی ہسپتال میں مفت کوکلیئر امپلانٹ سرجری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد نے الیکٹرانک ڈیوائس کےامپلانٹ کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے سروس شروع کرنے پر کوئٹہ کے سنڈیمن صوبائی ہسپتال کے شعبۂ ای این ٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار دو بچوں کے کوکلیئر امپلانٹ کے آپریشن کئے گئے ہیں۔ آپریشن پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیے۔
کوکلئیر امپلانٹ نامی میڈیکل ڈیوائس شدید یا مکمل سماعت کی کمی والے افراد کو سننے میں مدد دیتی ہے۔ یہ ان افراد کے لیے کارآمد ہے جن کا اندرونی کان (کوکلیا) خراب ہو۔ یہ آلہ ان بچوں اور بالغوں کے لیے موزوں ہے جن کی قوت سماعت شدید متاثر ہو اور روایتی آلات بے اثر ہوں۔
کوکلئیر امپلانٹ سننے اور بولنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔ اس سے بچوں کی تعلیم اور سماجی زندگی میں بہتری آتی ہے۔ اس کی لاگت زیادہ ہوتی ہے اور اکثر مالی مدد کی ضرورت پڑتی ہے۔ سرجری کے بعد تربیت اور بحالی ضروری ہوتی ہے۔ انفیکشن یا تکنیکی مسائل جیسے چیلنجز بھی ممکن ہیں۔ یہ آلہ قوت سماعت سے محروم لوگوں کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔