وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کے پہلے ڈائلیسز پروگرام کارڈ کی منظوری دے دی۔ پہلی بار ڈائیلسز کے ہر مریض کے علاج کے لیے فنڈز 10 لاکھ روپے کر دیے گئے ہیں۔امراض گردہ کے ہر مریض کے لیے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ ڈائیلسز اور ٹیسٹوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے مختص کیے جارہے ہیں۔
اس سے متعلق اہم اجلاس میں مزید ڈائیلسزیونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا۔ ان مراکز میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعے پر برہمی کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
پاکستان کے پہلے ڈائلیسز پروگرام کی منظوری امراض گردہ کے شکار مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ تاہم ملتان میں ڈائلیسز سینٹر سے ایچ آئی وی پھیلنے کی خبریں پریشان کن ہیں۔ عوام کا اعتماد جیتنے کے لیے اس حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل ضروری ہے۔