انسانوں میں 100 سال خاصی طویل عمر شمار ہوتی ہے۔ بہت کم لوگ ہی سہ عددی ہندسے تک پہنچ پاتے ہیں۔ ایک سوال ذہنوں میں پیدا ہوتا ہے کہ انسانوں کی زیادہ سے زیادہ عمر کتنی ہو سکتی ہے۔ سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں اس کا جواب معلوم کرنے کی کوشش کی ہے۔ تحقیق نیدرلینڈز میں کی گئی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق خواتین کی زیادہ سے زیادہ عمر 115.7 سال ہے۔ دوسری طرف مردوں کی زیادہ سے زیادہ عمر 114.1 سال ہو سکتی ہے۔ سائنس دانوں نے سٹڈی میں 30 سال میں نیدرلینڈز میں مرنے والے 75 ہزار افراد کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا۔
ریسرچرز کے بقول ان کی تحقیق امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق سے منسلک ہے۔ اس کے مطابق لوگوں کی زیادہ سے زیادہ عمر 90 سے 99 سال ہو سکتی ہے۔ اس کے 115 سال تک پہنچنے کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔
سائنسدانوں کے بقول حالیہ سٹڈی کے اعداد و شمار جین لوئیس کالمنٹ کی عمر کے دعوے کو چیلنج کرتے ہیں۔ فرانسیسی خاتون کا دعویٰ تھا کہ اس کی عمر 122 سال ہے۔ دعوے کے مطابق جین لوئیس 1875ء میں پیدا ہوئیں اور 1997ء میں چل بسیں۔
محققین کے مطابق انسانوں کی زیادہ سے زیادہ عمر کا تعلق ان کے طرز زندگی سے بھی ہے۔ ان کے بقول صحت کا خیال رکھ کر عمر کی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچنا ممکن ہے۔