ناک چہرے کا نمایاں حصہ ہے لہٰذا بعض اوقات کھیل، لڑائی جھگڑے یا گرنے کے باعث ناک پر چوٹ لگ جاتی ہے۔ یہ نہ صرف شدید تکلیف دہ ہوتی ہے بلکہ گہری ہو تو چہرے کی ہیئت بھی تبدیل کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں ناک سے خون آنے کے علاوہ اس کے ٹیڑھا ہونے، بند ہونے یا سوج جانے کی شکایات سامنے آ سکتی ہیں۔ عمومی چوٹ کے نتیجے میں بھی درد، سوجن اور زخم ہوتا ہے مگر اس کا علاج گھر پر کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ شدید نوعیت کی ہو تو ڈاکٹر سے معائنہ اور علاج کروانا ضروری ہے۔
ابتدائی طبی امداد
چوٹ کے بعد ناک کی ہڈی محفوظ ہے یا نہیں، اس کا خود فیصلہ کرنا ممکن نہیں لہٰذا احتیاطاً ڈاکٹر کو دکھا دیں۔ اس کے علاوہ ان ہدایات پر عمل کریں:
٭ ناک سے خون بہہ رہا ہو تو اٹھ کر بیٹھ جائیں اور آگے کی طرف جھکیں تاکہ یہ گلے میں نہ جا سکے۔
٭ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ دونوں نتھنوں کو انگلیوں سے پکڑ کر 15 منٹ کے لیے بند کریں۔ اس دوران منہ سے سانس لیں۔
٭ خون نہ بہہ رہا ہو، بس ناک میں درد ہو تو اسے کم کرنے کے لیے سر کو اوپر کی طرف اٹھائیں۔
٭ چوٹ لگنے کے بعد پہلے کچھ گھنٹوں میں ناک میں سوجن اور درد زیادہ ہوتا ہے۔ اس دوران ہر ایک سے دو گھنٹے بعد پتلے کپڑے میں برف لپیٹ کر ناک پر 15 منٹ کے لیے ٹکور کریں۔ پھر اگلے دو روز یہ عمل دن میں تین سے چار مرتبہ کریں۔
٭ ناک میں سوجن اور درد کم کرنے کے لیے سوتے وقت سر کو باقی جسم کے مقابلے میں تھوڑا اونچا رکھیں۔
خطرے کی علامات
٭ ناک سے مسلسل خون بہہ رہا ہو اور کوشش کے باوجود بند نہ ہو۔
٭ چوٹ کے نتیجے میں ناک کی جلد کھل گئی ہو۔ اس سے انفیکشن کا خطرہ ہوتا ہے۔
٭ ناک بظاہر ٹیڑھا محسوس ہو اور اس کی رنگت نیلی ہو گئی ہو۔
٭ ناک سے سانس لینے میں دقت ہو رہی ہو۔
چند احتیاطیں
٭ اپنے پاؤں کے سائز کے مطابق جوتے پہنیں تاکہ چلتے یا بھاگ دوڑ کرتے ہوئے توازن برقرار رہے۔
٭ کھیل کے دوران حفاظتی گارڈز پہنیں۔
٭ سائیکل یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنیں۔
٭ گاڑی چلاتے ہوئے سیٹ بیلٹ باندھیں۔