Vinkmag ad

نوجوانوں میں دل کی بیماریوں میں خطرناک اضافہ

نوجوانوں میں دل کی بیماریوں – شفا نیوز

ماہرین امراض قلب کے مطابق پاکستانی نوجوانوں میں دل کی بیماریوں میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دل کے عالمی دن کے موقع پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہرین نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دل کے دورے اور دل کی بیماریاں بالعموم بڑی عمر کے افراد سے وابستہ تھیں۔ اب یہ 30 اور 40 سال کی  عمر میں بھی عام ہیں۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر اسد اکبر نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کا آغاز زیادہ پریشان کن ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نوجوانی میں ان کا آغاز شدید، طویل مدتی زیادہ پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے۔ اس سے نپٹنے کے لیے انہوں نے طرز زندگی میں مثبت تبدیلیوں، بروقت تشخیص اور علاج پر زور دیا۔

شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اسد سلیم نے کہا کہ امراض قلب میں اضافے کی بڑی وجہ احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کا فقدان ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور موٹاپا اس کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ہارٹ اٹیک کی عام علامات میں سینے میں درد اور جکڑن اور ایسا درد شامل ہیں جو کندھے تک پھیل جائے۔ ٹھنڈے پسینے آنا، سینے میں جلن، اچانک چکر آنا، متلی اور سانس لینے میں دقت بھی ان میں شامل ہیں۔ اگر ایسی صورت حال ہو تو فوری طور پر قریبی ہسپتال جانا چاہیے۔

ہسپتال کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سعید اللہ شاہ نے کہا کہ طبی پیش رفتوں سے امراض قلب کا علاج بہتر ہوا ہے۔ اس کے باوجود پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ صحت مند دل کے لیے باقاعدگی سے معائنہ، متوازن خوراک اور جسمانی سرگرمیاں ضروری ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

گلے میں کھانا اٹک جائے تو کیا کریں؟

Read Next

بڑے شہروں میں ڈینگی وباء پھیلنے کی وارننگ جاری

Leave a Reply

Most Popular