معاشی و معاشرتی مسائل کی وجہ سے نفسیاتی بیماریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جہاں ان کا علاج ضروری ہے وہاں ان کے برے اثرات کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات بھی ضروری ہیں۔ ان میں سے ایک تخلیقی سرگرمیوں میں شمولیت ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تخلیقی سرگرمیاں ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہیں۔
تحقیق اینگلیا رسکن یونیورسٹی (Anglia Ruskin University) کی طرف سے کی گئی ہے۔ اس میں عمر، صحت اور ملازمت کی حیثیت سمیت مختلف عوامل پر غور کیا گیا۔ اس میں تقریباً 7,200 افراد کے ڈیٹا کو بنیاد بنایا گیا۔ ان میں سے 37.4 فیصد آرٹس اور کرافٹس سے متعلق سرگرمیوں میں مشغول رہے۔ معلوم ہوا کہ یہ لوگ اپنی زندگیوں میں زیادہ خوش اور مطمئن تھے۔ ان کی یہ کیفیت کامیاب ملازمت پیشہ افراد سے کم نہیں تھی۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ ڈاکٹر ہیلن کیز ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پینٹگ اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں ذہنی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ نہ صرف کامیابی کا احساس دلاتی ہیں بلکہ اظہار کا بامعنی راستہ بھی ہیں۔