فالج کے مریضوں کے لیے اسلام آباد میں سٹروک سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس کا اعلان وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے ایک بیان میں کیا۔
وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹروک سینٹر پمز کے شعبہ امراض قلب میں قائم کیا جائے گا۔ اس کے قیام کے لیے 2.59 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ یہ منصوبہ چھ سے آٹھ ماہ میں مکمل ہو گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق سینٹر کا قیام اسلام آباد ہی نہیں، ملک بھر کےلیے نمایاں پیشرفت ہے۔ اس سے فالج کے مریضوں کو دائمی معذوری سے بچانے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ شہریوں کو جدید علاج کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اس کے لیے جدید آلات کی درآمد، ماہر ڈاکٹروں اور ٹیکنیکل سٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔