Vinkmag ad

صحت سے متعلق سات مفروضے

صحت سے متعلق سات مفروضے

ہمارے ہاں صحت سے متعلق کچھ ایسے تصورات بھی پائے جاتے ہیں جو بہت مقبول ہیں اور لوگ ان پر پختہ یقین رکھتے ہیں لیکن ماہرین صحت کے مطابق ان کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں ۔ اس لئے ان کی تصحیح اشد ضروری ہے ۔ ایسے ہی کچھ تصورات کی تصحیح، زیر نظر کالم میں

عورتوں اور مردوں میں ہارٹ اٹیک کی علامات ایک جیسی ہوتی ہیں؟

شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کےماہر امراض قلب ڈاکٹرمحمد علی سلیم کہتے ہیں

عورتوں اورمردوں میں ہارٹ اٹیک کی بہت سی علامات مختلف ہوتی ہیں جن سے اکثر خواتین آگاہ نہیں ہوتیں۔ اس لئے بعض اوقات ہارٹ اٹیک کی صورت میں انہیں اس کا پتہ ہی نہیں چلتا۔ مثال کے طور پر عورتوں کا مردوں کی طرح یک لخت پسینہ نہیں چھوٹتا اور نہ ہی انہیںکندھے میں درد اٹھتاہے ۔ مردوں کی طرح ان کا سانس بھی رک رک کر نہیںآتا۔خواتین میں دل کے دورے کی علامات سینے کی جلن، بدہضمی، متلی یا قے کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔ عام طور پر یہ علامات بدہضمی کے ضمن میں دیکھی جاتی ہےں۔ دیگر علامات میں سینے پر دباﺅ، ٹھنڈے پسینے آنا، جبڑے میں درد اور تھکاوٹ شامل ہیں۔

آنکھ کا پھڑکنا، ایک برا شگون ہے؟

شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر فاروق افضل کہتے ہیں

اس تصور کے پیچھے کوئی سائنسی شواہد نہیں ۔ درحقیقت آنکھ کے پھڑکنے کی درست وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔ ہو سکتا ہے کہ یہ الرجی یا آنکھ کے خشک ہونے کی وجہ سے ہو۔بعض اوقات آنکھ کی سرجری کے بعدیا نروس سسٹم کے ڈسٹرب ہونے کے باعث اس مسئلہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر یہ مسئلہ سات سے آٹھ مرتبہ ہوتو اسے نظر انداز کر دینا چاہیے لیکن اگر یہ طول پکڑ لے توپھر ڈاکٹر کو دکھالینا بہتر ہے۔

بریسٹ فیڈنگ ایک اچھا مانع حمل طریقہ ہے؟

ماہرامراض نسواں ڈاکٹر نابعہ طارق کہتی ہیں

 اکثر خواتین اسے منع حمل کا قابل اعتبار طریقہ سمجھتی ہیں لیکن عملاً ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے ۔ خصوصا ًزچگی کے بعد پہلے چھے مہینوں کے دوران خواتین اس پرزیادہ انحصار کرتی ہیں۔ اگر وہ وقفہ دینا چاہتی ہیں تواس پر انحصار کی بجائے ماہر امراضِ زچہ وبچہ سے مل کرکوئی قابل اعتماد طریقہ اختیار کریں ۔

بخار سے منہ کا ذائقہ کڑوا ہوجاتا ہے۔

فیصل آباد کے میڈیکل سپیشلسٹ، ڈاکٹر شکیل الرحمٰن کے مطابق

بخار سے منہ کے کڑوے ہونے کا کوئی تعلق نہیں۔ اس کی دیگر کئی وجوہات ہیں جن میں معدے کے مسائل سب سے اہم ہیں۔ اچھے ہاضمے کے لئے ضروری ہے کہ مسالہ داراور زیادہ کھانا کھانے سے پرہیزکیا جائے اورکھانے کے بعد ہلکی پھلکی چہل قدمی کو یقینی بنایا جائے۔ اگر منہ کا ذائقہ ٹھیک نہ ہوتو بہتر ہے کہ ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ یہ مسئلہ ان افراد میں بھی زیادہ ہوتا ہے جو منہ کے ذریعے سانس لیتے ہوں  دانتوں  یا منہ کے انفیکشن کا شکار ہوں یا سگریٹ نوشی کرتے ہوں۔ کچھ  ادویات بھی اس مسئلے کی وجہ بن سکتی ہیں۔

فرش پر لیٹنے سے کمر کے درد میں افاقہ ہوتا ہے؟

راولپنڈی کے آرتھوپیڈک کنسلٹنٹ، ڈاکٹر خرم حبیب کہتے ہیں

 کمر درد کی نوعیت ‘عمر اورجنس کے حساب سے مختلف ہوسکتی ہے۔ اس طرح کئی اورعوامل بھی اس کی وجہ ہو سکتے ہیں‘ تاہم اس کی عمومی وجہ اٹھنے بےٹھنے کا غلط انداز ہے۔ پرانے وقتوں سے چلا آنے والا یہ مفروضہ کہ فرش پر لیٹنے سے کمر کے درد میں افاقہ ہوتا ہے‘ کسی حد تک درست ہے ‘ تاہم یہ کوئی پکا اورمحفوظ اصول نہیں‘ اس لئے کہ اس کا تعلق کمردرد کی وجہ سے ہے۔ اس کی درست تشخیص کا کام معالج کوہی سونپنا بہترہے۔ مریض کو فرش یا میٹرس پر‘جہاں بہترمحسوس ہو‘ لیٹ سکتا ہے۔

بیٹھ کر یا لیٹ کر پڑھنے سے نظرمتاثر ہوتی ہے؟

راولپنڈی کی ماہر امراض چشم، ڈاکٹر ماریہ نازش میمن کہتی ہیں

کمر کے بل لیٹ کر کچھ پڑھنے سے نظر کی کمزوری کا کوئی تعلق نہیں ‘البتہ ایسی پوزپشن میں مطالعہ کرنا آپ کی آنکھوں پر دباﺅ کا باعث بن سکتا ہے۔ نظر کی کمزوری کی وجوہات عمر کے مختلف حصوں میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ چھوٹے بچوں میں یہ پیدائشی نقائص کی وجہ سے ہوتی ہے جبکہ نوجوانوں میں اس مسئلے کی وجہ عمومی طورپرآنکھ کی پتلی کا چھوٹا یا بڑا ہونا ہے۔

ایک عام تاثر ہے کہ رات کو دودھ پینا فائدہ مند نہیں ہوتا اس بات میں کتنی حقیقت ہے؟

راولپنڈی کے میڈیکل سپیشلسٹ کرنل صلاح الدین کہتے ہیں

یہ تاثربالکل غلط ہے اور اسے کھرچ کر ذہن سے نکال دینا ضروری ہے۔ اسے پینے کے اوقات سے کم از کم اس کی غذائیت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اس کی غذائی افادیت‘ پینے والے کی قوت ہاضمہ پربھی منحصرہوتی ہے‘ اس لئے کہ کچھ لوگوں میں یہ معدے کے مسائل، الرجی یا بلغم کی وجہ بن سکتا ہے۔ ان کے لئے بہتر ہے کہ دودھ نہ پئیں۔

Common health myths, drinking milk at night, reading while lying affects vision, lying on floor helps with backpain, fever causes bitter mouth taste, breast feeding and contraception, eye twitching is a bad omen

Vinkmag ad

Read Previous

اشیائے خورونوش میں ملاوٹ ‘ ادویات اورریگولیٹری ادارے

Read Next

اینٹی بائیوٹکس کے خلاف جراثیم کی مزاحمت ٹِک ٹِک کرتا بم

Most Popular