ڈی ایچ اے کراچی میں نثار شہید پارک کے قریب ایک شہری کی دل کی دھڑکن اچانک بند ہو گئی۔ ریسکیو 1122 (SIEHS) کی ٹیم میں ایمبولینس کے عملے نے فوری کارروائی کی۔ 13 منٹ کی جدوجہد کے بعد دھڑکن بحال ہوگئی، اور مریض کی جان بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق 26 اگست کی صبح 52 سالہ علی اصغر اچانک بے ہوش ہوکر گر گئے۔ ساتھیوں نے انہیں فوراً قریب کھڑی ریسکیو 1122 ایمبولینس تک پہنچایا۔ عملے نے بلا تاخیر سی پی آر شروع کر دیا۔ انہوں نے سانس بحال کرنے کی کوششیں کی، ایڈرینالین لگایا اور ڈیفبریلیٹر جھٹکا دیا۔ بالآخر 13 منٹ بعد مانیٹر پر دھڑکن بحال ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ بعدازاں مریض کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکولر ڈیزیزز منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے ٹیم لیڈر عابداللہ کے مطابق ایک لمحہ ضائع کیے بغیر سی پی آر ہی مریض کی جان بچانے کا سبب بنا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ بروقت ایمبولینس اور فوری علاج سے مریض کو نئی زندگی ملی۔