Vinkmag ad

لیزر ٹریٹمنٹ حسن کولگائے چار چاند

اگر آپ کو چہرے کے بالوں سے پریشان ہیں‘ پیدائشی نشانات یا ٹیٹیوز آپ کے لئے وبال جان بن گئے ہیں یا چہرے کی جھریوں سے آپ کو خوف آنے لگا ہے تو ان کا حل لیزر تھیراپی میں موجود ہے ۔اس سے فائدہ ضرور اٹھانا چاہئے تاہم اس ضمن میں آپ کی سوچ اعتدال پر مبنی اور حقیقت پسندانہ ہونی چاہئے ۔الرازی ہیلتھ کئیر سینٹر لاہور کی ایستھیٹک لیزر تھیراپسٹ افشاں نورین اس حوالے سے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کے جوابات دے رہی ہیں


٭لیزر تھیراپی کیاہے اورجسم کے کن حصوں کو اس کی مدد سے ٹھیک کیا جا سکتا ہے؟
٭٭لیزر سے مراد ایسی لائیٹ ہے جسے مختلف طریقوں سے سیٹ کر کے انرجی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس میں جسم کی پوری جلدکے مختلف مسائل مثلاًچہرے کے بالوں کاخاتمہ اور جھریوں کو ٹھیک کیا جاتا ہے ۔جولوگ دھوپ میں زیادہ جاتے ہوں یا کسی اور وجہ سے ان کے ہاتھوں‘ پاﺅں یا جلد کے کسی اورحصے پر نشانات بن جائیں، انہیں لیزر تھیراپی تجویز کی جاتی ہے ۔اس کے علاوہ بعض لوگ جسم پر ٹیٹویاکوئی نام لکھواتے ہیں۔جب ان کا اس سے دل بھر جاتا ہے تو انہیں ختم کروانے کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں ۔
٭لیزر تھیراپسٹ(Laser Therapist)اور ڈرما ٹالوجسٹ (Dermatologist)میں کیا فرق ہے؟
٭٭ جلد ،بالوں اور ناخنوں کی تمام بیماریوں کی تشخیص اورعلاج ڈرماٹالوجسٹ کرتا ہے ۔اس سے آگے مختلف شعبہ جات ہیںجن میں مختلف لوگ کام کرتے ہیں ۔لیزر تھیراپی میں چہرے کے فالتوبالوں اوربڑھتی عمر کے اثرات کم کرنا، جلد کی رنگت یا اس کی چکنے پن (pigmentation) سے متعلق مسائل کا خاتمہ اورٹیٹوزاورپیدائشی نشانات مٹاناوغیرہ شامل ہیں۔ضروری نہیں کہ تمام ڈرماٹالوجسٹ لیزر تھیراپسٹ بھی ہوں‘ اس لئے کہ لیزرٹریٹمنٹ ایک الگ شعبہ ہے ۔
٭ پاکستان میںاس کی تربیت کا کیا انتظام ہے؟ ٭٭پاکستان میں ایسے لوگ بہت کم ہیں جنہوں نے حسن افروز لیزر (aesthetic laser)کی ٹریننگ لی ہویاوہ مکمل تربیت یافتہ ہوں۔ بعض لوگ ایک عام سی لیزر مشین خرید کر رکھ لیتے ہیں اورکام شرکر دیتے ہیں حالانکہ ان کی کسی قسم کی ٹریننگ نہیں ہوتی ۔ایسی غیر تصدیق شدہ جگہوں سے علاج کروانے سے نہ صرف لوگوں کا پیسہ اور وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ ان کی جلد کو نقصان پہنچنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔یہ نیم حکیم قسم کے افراد لوگوں کی صحت کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
٭کیا چہرے کے بالوں کو لیزر ٹریٹمنٹ کے ذریعے مکمل طور پر ختم کیاجاسکتا ہے۔
٭٭مختلف لوگوں کو دیے جانے والے لیزر ٹریٹمنٹ کے نتائج مختلف ہوتے ہیں۔بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے کے لیے ہم جو علاج کریں گے‘ اس سے ان کے چہرے پر جھریاں کم ہو جائیں گی لیکن پانچ سال کے بعد انہیں دوبارہ یہ مسئلہ ہو جائے گا ۔ یہ کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس سے تمام مسائل ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائیں گے ۔اسی طرح چہرے کے بالوں اورپگمنٹیشن کا مسئلہ بھی دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔ ماہرِ امراض جلد آپ کو بتاتا ہے کہ اس کے ہونے کی وجہ کیا ہے اوراس کی روشنی میں آپ اپنی جلد کو کیسے ٹھیک رکھ سکتے ہیں ۔
٭استھیٹک لیزر کی پاکستان میں کتنی مانگ ہے ؟
٭٭ہمارے ہاں چہرے پر بالوں کا مسئلہ بہت عام ہے۔ اس کے علاوہ کم عمر لڑکیوں میں مہاسوں(acne) کے مسائل بھی عام ہیں جن کی وجہ سے جلد میں کھڈے یا نشان بن جاتے ہیں ۔ ان نشانات کو ختم کرنے میں لیزر بہت مدد کرتی ہے ۔اس لیے خواتین کا اس طرف خاصا رجحان ہے ۔لہٰذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں اس کی کافی مانگ ہے۔
٭کیاشعاعوں کی مضر اثرات ہوتے ہیں ؟
٭٭ جو لیزر بالوں کوختم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے‘ وہ آنکھوں کے لیے بہت نقصان دہ ہے ۔اگریہ آنکھوں میں چلی جائے تو انہیں متاثر کرے گی ۔یہ اگر آپ کے سامنے لگے آئینے سے ٹکرا کر واپس آنکھوں میں جائے تو بھی نقصان پہنچائے گی ۔جلد کے لحاظ سے فریکوئینسی اگر سیٹ نہ کی جائے تو یہ جلد کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے۔اس کو استعمال کرنے کا اپنا ایک خاص طریقہ ہوتا ہے ۔اگر اس کو مدِنظر رکھاجائے تو نقصان نہیں ہوتا۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ مریض ایک دن پہلے بیوٹی پارلر سے ٹریٹمنٹ کروا کر دوسرے دن لیزر کے لیے آ جاتا ہے اور لیزر کرنے والا بھی ان سے مکمل ہسٹری نہیں لیتا ۔ اس صورت میں ان کی جلد وقتی طور پر کچھ متاثرہوسکتی ہے لیکن وقت کے ساتھ ٹھیک ہو جاتی ہے ۔اس کے علاوہ اس کے کوئی مضر اثرات نہیں ۔
٭لیزر تھیراپی کے لیے مریض کے ساتھ کتنے سیشن کیے جاتے ہیں ؟
٭٭ چھے سے سات سیشنز میں 70سے80فی صد بال ختم ہوجاتے ہیں ۔ یہ ایک سیشن میں نہیں ہو سکتا‘ اس لئے کہ بال تین مختلف مرحلوں میں نمو پاتے ہیں اور انہیں مرحلہ وار جلایاجاتا ہے۔ پگمنٹیشن میں بھی ایک خاص حد تک جلد کو حرارت دی جا سکتی ہے کیونکہ زیادہ گرمی سے جلد کے جلنے کے امکانات ہوتے ہیں ۔اس لیے ایک سیشن کے بعد اسے ٹھیک ہونے دیتے ہیں اور اس کے بعد دوسرا سیشن کیا جاتا ہے ۔
٭کیا مریض علاج کے لیے پہلے آپ کے پاس آتے ہیں یا ڈرماٹالوجسٹ کے پاس ؟
٭٭سب سے پہلے ڈرماٹالوجسٹ مریض کا اچھی طرح معائنہ کرتا ہے ۔ڈاکٹر پہلے یہ دیکھے گا کہ اس کے چہرے پر بال یا پگمنٹیشن کی وجوہات کیا ہیں۔اگر یہ کسی بیماری کی وجہ سے ہوتواور پھر اس کا علاج کرنا ضروری ہوتا ہے ۔اگر مریض کے چہرے پر بال ہوںتو ڈاکٹر کے تجویز کرنے پر اس کا لیزر سیشن شروع کیا جاتا ہے۔لیزر تھیراپسٹ اپنی مرضی سے کوئی مریض نہیں لے سکتا ۔
٭کیا لیزر تھیراپسٹ کو ڈرماٹالوجسٹ کے ساتھ ہی کام کرنا ہوتا ہے ؟
٭٭لیزر تھیراپسٹ پر پابندی نہیں کہ وہ لازمی طور پرڈاکٹر کے ساتھ ہی کام کرے ۔ اگر وہ ڈاکٹر کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تواسے مریض کے کیس کو سمجھنے اور حل کرنے میں آسانی ہوتی ہے ۔
٭جلد کو نکھارنے کے لیے جو گھریلو نسخے استعمال کیے جاتے ہیں ان کے بارے میں آپ کیا کہیں گی ۔
٭٭کوئی بھی چیز کسی ماہر کے مشورے کے بغیر استعمال نہ کریں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک ہی چہرہ دیا ہے اور ہمیں اس کا خیال رکھنا چاہیے ۔
٭کیا آپ کے پاس ایسے لوگ بھی آتے ہیں جو اپنا رنگ گورا کروانا چاہ رہے ہوں ؟
٭٭میرے پاس وائیٹنگ کے سلسلے میں بہت زیادہ لوگ آتے ہیں۔ہم انہیں سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جو چیز بنائی ہے وہ بہت خوبصورت ہے اور اس پر اس کا شکر ادا کرنا چاہئے۔آپ اس میں مزید نکھار پیدا کر سکتے ہیںلیکن سانولے سے سفید رنگت کروانا بہت غلط ہے ۔
٭اس حوالے سے بیوٹی پارلر کیا کردار ادا کرتے ہیں؟
٭٭یہ میک اپ اور بال کٹوانے کی حد تک بالکل ٹھیک ہیں ۔اس کے بعد جلد اور بالوں کے حوالے سے وہاںجو علاج کیا جاتا ہے وہ بالکل غلط ہے۔
٭ہم اپنی جلد کو کیسے فریش رکھ سکتے ہیں؟
٭٭اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ فریش رہیں۔ اس کے لیے مثبت طرزِ زندگی اپنائیں ۔جب سوچ مثبت ہو گی توآپ اچھا محسوس کریں گے ۔صحت مند طرز زندگی اپنائیں اور کوئی بھی مسئلہ ہو توکسی مستند ڈاکٹر کے پاس جائیں ۔

Vinkmag ad

Read Previous

آپریشن یا نارمل ڈیلیوری

Read Next

توجہ کا ارتکار کھیل ہی کھیل میں

Leave a Reply

Most Popular