Vinkmag ad

جلد پر جھریاں

جلد پر جھریاں

میری عمر 32 سال ہے اور میں اپنے چہرے پر اور خاص طور پر آنکھوں کے گرد نمودار ہونے والی جھریوں سے بہت پریشان ہوں ۔ میں اچھی طرح سے جانتی ہوں کہ عمر بڑھنے پر جھریاں آہی جاتی ہیں لیکن میرے خیال میں یہ اس سے زیادہ ہیں جو اس عمر میں بالعموم آ جاتی ہیں۔ بتائیے کہ مجھے کیا کرنا چاہئے؟

– کائنات فیصل، کراچی

عمر رسیدگی اور جھریاں جینزاور ماحولیاتی عوامل‘ دونوں کی پیداوار ہیں۔ جینز ہمیں آباواجداد سے وراثت میں ملتی ہیں جن میں خصوصیات کے ساتھ کچھ بیماریاں بھی آجاتی ہیں۔ ان سے بچاﺅ کے لئے ابھی تک کچھ نہیں کیا جا سکا۔ جینیاتی انجینئرنگ میں پیش رفتوں کی بدولت ممکن ہے کہ کسی دور میں عمر بڑھنے کے عمل کو سست یا روکا جا سکے۔ تاہم اس وقت ہمیں موجودہ صورت حال کو ہی قبول کرنا ہوگا۔

سورج کی روشنی میں موجود بالائے بنفشی شعاعوں (ultra violet rays) کے علاوہ دھوئیں اور صنعتی کیمیکلز کے پیدا کردہ فری ریڈیکلز(ایٹم یا ایٹموں کا گروہ جو اکیلے الیکٹران کے ساتھ ہو) جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مزیدبرآں ہمارے میٹابولزم (مالیکیولوں کی ٹوٹ پھوٹ جس سے توانائی پیدا ہوتی ہے ) سمیت کئی اور عوامل بھی اس کا نتیجہ ہوسکتے ہیں۔

الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچنے کے لئے سن سکرین کا استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کہ اس کے زیادہ استعمال سے ہماری جلد میں وٹامن ڈی کی پیداوارکم ہو سکتی ہے۔ عمر کے جس حصے میں آپ ہیں‘ اس میں اگر آپ سن سکرین کا استعمال شروع کرتی ہیں تو بھی آپ کی جلد پر عمر رسیدگی کے جو اثرات ظاہر ہو چکے‘ وہ کم نہیں ہوں گے۔

جیسا کہ پہلے عرض کیا جا چکا ہے‘ فری ریڈیکلز سے بچنا ممکن ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ سگریٹ نوشی نہ کرتی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ ایسا نہیں کرتی ہوں گی۔ لیکن صرف یہی کافی نہیں‘ اس لئے کہ صنعتوں اور گاڑیوں کے دھوئیں سے مکمل طور پر بچنا بہت ہی مشکل ہے ۔

جلد پر بڑھتی عمر کے آثار روکنے کے لئے بازار میں مختلف مصنوعات دستیاب ہیں جن کے بنیادی اجزاء میںرال نما (retinoids) یا اینٹی آکسی ڈنٹس شامل ہوتے ہیں ۔ لوگ انہیں بڑے شوق سے خریدتے ہیں لیکن وہ کچھ زیادہ مﺅثر ثابت نہیں ہوتیں۔ اس کی بجائے آپ کو چاہئے کہ ایسی غذائیں کھائیں جن میں اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوں۔ آپ انہیں گولیوں کی شکل میں بھی لے سکتی ہیں اور بازار میں ایسی غذائیں بھی دستیاب ہیں جن میں یہ پائے جاتے ہیں۔

اینٹی آکسی ڈینٹس سے بھرپور غذائیں عام طور پر گہری رنگت والی ہوتی ہیں جو جسم میں فری ریڈیکلز بننے سے روکتی ہیں۔ ان میں پالک ،چقندر ، سرخ انگور، انار اور چیری وغیرہ شامل ہیں۔ آج کے دور میں انٹرنیٹ کی سہولت بہت عام ہے جس کی مدد سے ایسی غذاﺅں کی تفصیل بہت آسانی سے معلوم کی جاسکتی ہے ۔

wrinkles, anti-aging, early signs of aging, skin care, ask the doctor, dermatologist

Vinkmag ad

Read Previous

ڈاکٹر تک پہنچنے سے قبل ابتدائی طبی امداد

Read Next

وٹامن ڈی سکریننگ

Most Popular