دانتوں میں ٹھنڈا گرم کیوں لگتا ہے
بخار، درد، سوزش اورسوجن بہت سی بیماریوں کی ابتدائی علامات ہیں۔ شدید صورتوں میں ان کے بعد متعلقہ حصہ آہستہ آہستہ ناکارہ بھی ہوسکتا ہے۔ علامات کسی بڑے یا چھوٹے مسئلے کوطرف توجہ دلاتی ہیں، اس لئے بظاہرتکلیف دہ ہونے کے باوجود فائدہ مند ہیں۔ دانتوں کے مسائل میں بھی پہلے یہی نشانیاں سامنے آتی ہیں۔ تاہم ایک فرق یہ ہے کہ دانت سب سے پہلے حساس ہوجاتے ہیں یعنی ان میں ٹھنڈا گرم لگنے لگتا ہے۔
حساسیت کی وجوہات
دانتوں کی حساسیت کی ایک وجہ ان کی اوپری سخت اورحفاظتی تہہ کی خرابی ہے۔ یہ میٹھے کھانوں‘تھوک کے اجزاء اورپلاک سے بننے والی تیزابیت کے باعث خراب ہوتی ہے۔ اس سے نچلی تہہ کو ڈینٹین (dentine)کہتے ہیں۔ اگرچہ یہ بھی سخت ہوتی ہے مگراوپری تہہ کی نسبت نرم ہوتی ہے اوراسی میں ٹھنڈا گرم لگتا ہے۔
مسوڑھوں کی بیماری بھی اس کا سبب بن سکتی ہے۔ ابتدائی صورت (Gingivitis) میں مسوڑھوں میں سوزش اورسوجن ہو جاتی ہے۔ اگلے مرحلے (Peridontal disease) میں مسوڑھے دانتوں سے الگ ہوجاتے اوردانت ہلنے لگتے ہیں۔ برش کرنے پر منہ سے خون آنا، منہ سے بدبوآنا اورآئس کریم کھانے پردانتوں میں ٹھنڈا لگنا اس کی علامات ہیں۔
دانتوں سے سخت چیزیں مثلاً اخروٹ یا بادام کا خول توڑنا، بوتل کا ڈھکن کھولنا یا بجلی کے تارچھیلنا بھی دانتوں کی حساسیت کی وجوہات ہیں۔ اس کے باعث دانتوں میں دراڑآجاتی ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں کی بڑی تعداد وٹامن ڈی کی شدید کمی کے باعث دانتوں کے بھر بھرے پن کا شکار ہوتی ہے۔
دانتوں کو صحت مند کیسے رکھیں
حساسیت اوردانتوں کی دیگر بیماریوں سے بچنے کے لئے ان ٹِپس پرعمل کریں
٭دن میں کم ازکم دو مرتبہ اوردو منٹ تک نرم دندانوں والے ٹوتھ برش سے دانت صاف کریں۔
٭صحت بخش خوراک کھائیں جس میں پھل اورسبزیاں بھی ہوں۔
٭کولا مشروبات سے ہرممکن حد تک پرہیزکریں۔ ان کی تیزابیت دانتوں کی سطح کو خراب کرتی ہے۔
٭چاکلیٹ اورٹافیاں زیادہ نہ کھائیں اورمیٹھا کھانے کے بعد کلی کریں۔
٭وٹامن ڈی کے حامل کھانے کھائیں۔ ان سے کمی پوری نہ ہو تو معالج کے مشورے سے سپلی منٹس لیں۔ اس سے کیلشیم کی سطح اوردانتوں کی صحت بھی بہترہوگی۔
٭ہرچھ ماہ بعد اپنے دانتوں کا چیک اَپ کروائیں۔
٭وقتاً فوقتاً دانتوں کی سکیلنگ اورپالش کرواتے رہیں۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ سکیلنگ سے دانت کمزورہوجاتے ہیں مگرایسا نہیں۔
teeth sensitivity, what are the causes of teeth sesitivity, dental care, daant hasaas kyun hotay hain