Vinkmag ad

کیا ٹوتھ برش سے مسواک کی سنت ادا ہو جاتی ہے؟

دانتوں کی صفائی منہ ہی نہیں، پورے جسم کی صحت کے لیے ضروری ہے۔مسواک کرنا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت بھی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ٹوتھ برش سے مسواک کی سنت ادا ہو جاتی ہے؟ یا اس کے لیے لکڑی کا مسواک ہونا لازمی شرط لازمی ہے۔

مسواک کا لغوی مفہوم

روایتی طور پر علماء کی رائے ہے کہ اگر سنت ادا کرنی ہے تو اس کے لیے مسواک لازمی ہے۔ ڈاکٹر ایس ایم زمان اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ہیں۔ وہ اس رائے سے اتفاق نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق:

”ٹوتھ برش اور مسواک میں شرعی طور پر کوئی فرق نہیں۔ مسواک عربی زبان کا لفظ ہے جو "سواک” سے نکلا ہے۔ اس کے معنی رگڑنا کے ہیں۔ اصطلاحاً اس سے مراد دانتوں کو رگڑنا لیا جاتا ہے۔ اس لفظ کے مفہوم میں کہیں بھی کسی خاص شکل، ہیئت یا آلے کی طرف اشارہ نہیں پایا جاتا۔ اس لیے دانتوں کی صفائی کے لیے درخت کی شاخ، ٹوتھ برش یا کسی اور چیز سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کسی بھی چیز سے دانت صاف کرنے پر سنت ادا ہوجاتی ہے۔”

البتہ ٹوتھ برش کرتے وقت ایک احتیاط لازمی ہے۔ اور وہ یہ کہ ٹوتھ برش کے ریشے حلال چیز سے بنے ہونے چاہئیں۔ اس میں ناپاکی کا کوئی بھی پہلو نہیں ہونا چاہیے۔

مقصد نظرانداز نہ ہو

ڈاکٹر ایس ایم زمان کے مطابق ہمیں اشیاء کے بجائے ان کے مقاصد پر توجہ دینی چاہئے۔ ہم کئی دینی مسائل میں اسے اختیار بھی کیے ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر آغاز میں اذان اس جگہ دی جاتی تھی جہاں مسجد کے صحن کی حد ختم ہوتی۔ اب عین امام کے سامنے کھڑے ہو کر اذان دی جاتی ہے اور اسے تسلیم کر لیا گیا ہے۔ شروع میں لاؤڈ سپیکر میں اذان کی مخالفت کی گئی۔ تاہم بعد میں اس کی اجازت دے دی گئی۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اصل مقصد لوگوں کو نماز کی طرف بلانا ہے۔ لاؤڈ سپیکر کی مدد سے یہ کام بہتر طور پر ہو سکتا ہے۔ اس لیے اس کا استعمال زیادہ بہتر ہے۔ ٹوتھ برش اور مسواک کے معاملے میں بھی اسی دلیل کو اختیار کرنا چاہیے۔ ان میں سے جو بھی چیز اپنا مقصد بہتر انداز سے پورا کر رہی ہو، اسے استعمال کرنا چاہیے۔

ظاہری شکل میں عمل

بعض علماء مسواک ہی کو سنت سمجھنے پر اصرار کرتے ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ حضورؐ کے عمل کو ظاہری شکل میں ہی قابل تقلید سمجھتے ہیں ۔ اسی بنیاد پر انہیں ”ظاہریہ” بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے برعکس دوسرے گروہ کا خیال ہے کہ ہمیں آپؐ کے فرمان کی روح کو سامنے رکھنا چاہئے۔ آپ ان میں سے جس مکتبہ فکر کو چاہیں فالو کر سکتے ہیں۔ تاہم معتدل رائے یہی ہے کہ ٹوتھ برش سے مسواک کی سنت ادا ہو جائے گی۔

Vinkmag ad

Read Previous

گوشت کے پکوانوں کی کیلوریزجانئے

Read Next

گندم کی بھوسی‘روزانہ کتنی استعمال کریں؟

Leave a Reply

Most Popular