کیا ٹوتھ برش اور مسواک شرعاًیکساں ہیں ؟

محمد زاہد ایوبی
سوال یہ ہے کہ کیا ٹوتھ برش استعمال کرنے سے سنت ادا ہو جاتی ہے یا اس کیلئے مسواک کی شرط لازمی ہے ؟ اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایس ایم زمان اس پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہتے ہیں:
’’ٹوتھ برش اور مسواک میں شرعی طور پرکوئی فرق نہیں ہے۔مسواک عربی زبان کا لفظ ہے جو’’سواک‘‘ کا ہم معنی اور مترادف ہے۔اس کے معنی رگڑنا کے ہیںاور اصطلاحاً اس سے مراد دانتوں کو رگڑنا لیا جاتا ہے۔ مذکورہ الفاظ یا اس کے مفہوم میں کہیں بھی کسی خاص شکل‘ ہیئت یا آلے کی طرف اشارہ نہیں پایا جاتا۔اس لئے دانتوں کی صفائی کیلئے درخت کی شاخ ‘ ٹوتھ برش یا جو چیزبھی استعمال کی جائے ‘ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتااور سنت ادا ہوجاتی ہے۔ تاہم ٹوتھ برش کرتے وقت ایک احتیاط لازمی ہے اور وہ یہ کہ ٹوتھ برش کے ریشے حلال شے سے بنے ہونے چاہئیں اور اس میں ناپاکی کا کوئی پہلو نہیں ہونا چاہئے۔دوسرے لفظوں میں ہمیں اشیاء کی بجائے ان کے مقاصد پر توجہ دینی چاہئے اور ہم کئی دینی مسائل میںاسے اختیار بھی کئے ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پراذان اس جگہ دی جاتی تھی جہاں مسجد کے صحن کی حد ختم ہوتی لیکن اب عین امام کے سامنے کھڑے ہو کر اذان دی جاتی ہے اور اسے تسلیم کر لیا گیا ہے۔ لائوڈ سپیکر میں اذان کی مخالفت کی گئی لیکن بعد میں اس بنیاد پر اس کی اجازت دے دی گئی کہ اصل مقصد لوگوں کو نماز کی طرف بلانا ہے اور لائوڈ سپیکرکی مدد سے یہ کام بہتر طور پر ہو سکتا ۔ ٹوتھ برش اور مسواک کے معاملے میںبھی اسی دلیل کو اختیار کرناچاہئے اور ان میںسے جو بھی چیز اپنا مقصد نسبتاً بہتر انداز سے پورا کر رہی ہو‘اسے استعمال کرنا چاہئے۔‘‘

اسلام آباد سے ایک عالمِ دین عظمت اللہ قریشی اس کی مزید وضاحت کچھ یوں کرتے ہیں:
’’ایک طرف یہ کہا جاتا ہے کہ مسواک استعمال ہی نہیںکرناچاہئے جبکہ دوسری طرف اس بات پر اصرار کیا جاتا ہے کہ صرف مسواک ہی استعمال کرنا چاہئے اور یہی سنت ہے۔میرا خیال ہے کہ حقیقت ان دونوں کے درمیان میں کہیں ہے۔ مسواک کے کئی فوائد اسے ٹوتھ برش سے ممتاز کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر کچھ مسواکوں سے خاص قسم کا مادہ خارج ہوتا ہے جو دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کیلئے بہت اچھا ہے۔ اس کادوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس کے ریشے نرم ہوتے ہیں اور دانتوں کی بیرونی پرت کو رگڑ سے خراب نہیں کرتے۔ کہا جاتا ہے کہ برش کی مخصوص ساخت کی وجہ سے وہ دانتوں کے درمیان کی خالی جگہوں کو بہتر طریقے سے صاف کر دیتا ہے جبکہ مسواک یہ کام نہیں کر سکتا۔ یہ دلیل بھی درست نہیں اور جو لوگ مسواک سے دانت صاف کرنے کے عادی ہیں‘ وہ بہت اچھی طرح سے اسے استعمال کرلیتے ہیں۔اس کے باوجود اگر آپ ٹوتھ برش کو مسواک سے بہتر سمجھتے ہوں تواسے ضرور استعمال کریں‘ کیونکہ شرعی اعتبار سے اس میں اور مسواک میں کوئی فرق نہیں اور برش کرنے سے سنت ادا ہو جاتی ہے۔
مسواک ہی کو سنت سمجھنے پر بعض علماء کے اصرار کا سبب یہ ہے کہ وہ حضورؐ کے عمل کو ظاہری شکل میں ہی قابل تقلید سمجھتے ہیں ۔ اسی بنیاد پر انہیں ’’ظاہریہ‘‘ کہا جاتاہے۔اس کے برعکس دوسرے گروہ کا خیال ہے کہ ہمیں آپؐکے فرمان اور عمل کی روح کو سامنے رکھتے ہوئے عمل کرنا چاہئے ۔‘‘

Vinkmag ad

Read Previous

گوشت کے پکوانوں کی کیلوریزجانئے

Read Next

گندم کی بھوسی‘روزانہ کتنی استعمال کریں؟

Leave a Reply

Most Popular