Vinkmag ad

بھینگا پن اور اس کی اقسام

بھینگا پن اور اس کی اقسام

قدرت نے انسان کوبہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔ان میں سے ایک ہمارے تمام جسم میں نہایت نفاست سے پھیلے پٹھوں کا ایک جال بھی ہے۔ یہ ہمارے جسم کو مضبوط اور توانا بنانے کے ساتھ چلنے پھرنے،حرکت کرنے اور ارادوں کو افعال میں ڈھالنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ پٹھے ہی ہیں جن کے سکڑنے اور پھیلنے سے ہمارے جسم کے اعضاء حرکت کرتے ہیں۔آنکھ کے مختلف افعال بھی انہی پٹھوں کے ذریعے انجام پاتے ہیں اوراگر ان میں مسائل پیدا ہوجائیں تو آنکھ کی ساخت اور افعال بھی متاثر ہوتے ہیں۔

بھینگا پن کسے کہتے ہیں

اگر آنکھوں کو ایک ڈور سے بندھی پتلی سے تعبیر کیا جائے تو یہ پتلی چھ پٹھوں کی ڈور پر تماشا دکھاتی ہے۔ آنکھوں کا اوپر،نیچے،دائیں اوربائیں طرف دیکھنا انہی کی وجہ سے ممکن ہوپاتا ہے ۔ ان کے علاوہ آنکھ کے کچھ اور پٹھے بھی ہوتے ہیں جو اس کے چھپرمیں موجود رہ کر آنکھوں کو جھپکنے میں مدد دیتے ہیں۔ کچھ پٹھے ایسے ہیں جو زیادہ روشنی میں آنکھ کی پتلی کو سکیڑکر یا کم روشنی میں اسے پھیلا کر  بہتر طور پر دیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

دیکھنے کا عمل تمام پٹھوں کے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے سے ہی ممکن ہوپاتا ہے۔اگر کسی وجہ سے ان کا توازن بگڑ جائے تو ان کی حرکت میں بے قاعدگی پید ا ہوجاتی ہے۔اس سے پیدا ہونے والے مسائل میں آنکھ کا ٹھیک وقت پر سامنے کی چیز کا احاطہ نہ  کرسکنا شامل ہے۔ اسے بھینگے پن سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہ مسئلہ ایک یا دونوں آنکھوں میں ہو سکتاہے۔

بھینگے پن کی اقسام

بھینگے پن کی دو بنیادی اقسام ہیں جن میں سے پہلی قسم میں آنکھیں بظاہرسیدھی نظر آتی ہیں۔تاہم تھکاوٹ،بیماری،ذہنی دباؤ یا اپنی سوچوں میں گم ہونے کی کیفیات میں ان میں عارضی طور پر خاص قسم کا ٹیڑھا پن نمایاں ہوجاتاہے۔ طب کی اصطلاح میں اسے زاویہ نگاہ کا توازن بگڑنا کہا جاتا ہے۔

دوسری قسم  میں ایک یا دونوں آنکھوں میں ٹیڑھا پن واضح اورمستقلاً نظر آتا ہے۔اصل میں بھینگاپن اسی کو کہا جاتا ہے۔

ان دو بڑی اقسام کو ذیلی اقسام میں بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ آنکھ کے مستقلاًاندر کی طرف مڑنے کو ایسوٹروپیااور باہر کی طرف پھرے رہنے کو ایکسو ٹروپیا کہتے ہیں۔اسی طرح آنکھ اوپر کی جانب چڑھے رہنے کو ہائپرٹروپیا اورنیچے کی طرف ڈھلکے رہنے کو ہائپوٹروپیا  کہا جاتا ہے ۔

Squint, explanation, major types, sub types

Vinkmag ad

Read Previous

مکسڈنٹ بالز

Read Next

بھینگے پنکی علامات اورعلاج

Leave a Reply

Most Popular