گرمیوں کے برعکس سردیوں میں ہوا میں نمی کاتناسب کم ہوجاتا ہے جس کا منفی اثر ہماری جلد پرپڑتا ہے اوروہ خشک اور بے رونق ہو جاتی ہے ۔تھوڑی سی توجہ دے کر ہم اس موسم میں بھی اپنی جلد کی خوبصورتی اور نکھار میں اضافہ کر سکتے ہیں ۔ٹھنڈے موسم کے عام پیش آنے والے مسائل اور ان سے محفوظ رہنے کے طریقوں پر روشنی ڈال رہے ہیں بُلے وارڈ ہسپتال (Boulevard Hospital)کراچی کے ماہر امراض جلد ڈاکٹر ندیم صدیقیِ‘ صباحت نسیم کو دئیے گئے اس انٹر ویو میں
٭سردیوں میں جلد کی کون سی بیماریاں زیادہ عام ہیں؟
٭٭ سردیوں میں جلد کے جن مسائل کا زیادہ سامنا رہتا ہے‘ ان میں چہرے اورہاتھوں کی جلد کا خشک ہونا نمایاںہے۔اگریہ بہت زیادہ خشک رہے تو جلد کی سوزش ہو جاتی ہے جسے چنبل(Eczema) کہتے ہیں۔ بچوں کی جلد زیادہ نرم ہوتی ہے لہٰذا ان کے گال سرخ ہو کرپھٹنے لگتے ہیں۔بڑوں کے پاﺅں کی ایڑیوں اور ہتھیلی کی جلدبھی پھٹنے لگتی ہے۔اس موسم میں صرف جلد ہی نہیں بال بھی متاثر ہوتے ہیںاورخشک ہو کر ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔
٭جلد خشک ہونے کی کیا وجہ ہوتی ہے اوراس مسئلے سے کیسے محفوظ رہا جا سکتا ہے؟
٭٭گرمیوں میں پسینے اور چکنائی کی وجہ سے جلد خشک نہیں ہوتی اور ہوا میں نمی بھی کافی حد تک موجود ہوتی ہے جبکہ سردیوں میں اس کا تناسب کم ہو جاتا ہے ۔یوں ہوا انسانی جسم سے نمی کھینچ لیتی ہے اور لوگوں میںجلد کے خشک ہونے اور اس کے پھٹنے کی شکایات بڑھ جاتی ہیں۔ اکثر لوگ اس موسم میں زیادہ گرم پانی سے نہاتے ہیں جس کی وجہ سے جلد سے ضروری چکنائی بھی ختم ہوجاتی ہے۔ بعد میں تولئے کی مدد سے جلد کو صاف کرنے اور رگڑنے سے وہ مزید خشک ہو جاتی ہے۔ بعض صابن بھی ایسے ہو تے ہیں جو اسے خشک کرتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے صابن کا استعمال کم کیا جائے ۔بازار میں کچھ ایسے صابن بھی ملتے ہیں جن میںگلیسرین اورموئسچرائیزرز شامل ہوتے ہیں۔ان سے ہاتھ دھونے پر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہلکی سی چکنائی ہاتھوں پر رہ گئی ہو ۔ان کا استعمال بھی جلد کے لیے مفید ہے۔ نہاتے وقت پانی نیم گرم ہونا چاہیے جس سے ٹھنڈ بھی محسوس نہ ہو اور وہ جلد کے لیے بھی مفید ہو۔ نہانے کے بعد تولیے کی مدد سے پانی ہلکا ساخشک کر لیں اور کوشش کریں کہ گیلے جسم پر موئسچرائیزر استعمال کریں کیونکہ خشک جسم کی نسبت گیلے جسم پر لگایا گیا موئسچرائیزر زیادہ بہتر انداز میں جلد میں جذب ہو جاتا ہے اور اندر تک جلد کو تر کر کے اسے خشکی سے محفوظ رکھتا ہے۔
٭موئسچرائزر کسے کہتے ہیں؟یہ خشکی سے محفوظ رکھنے میںکتنا اہم کردار ادا کرتا ہے؟
٭٭ موئسچرائزر(moisturiser) ایسی چیز کو کہتے ہیں جو جلد میں پانی کی مقدار کوقائم رکھے ۔پہلے زمانے میں لوگ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے آئل استعمال کیا کرتے تھے۔ آج کل اس مقصد کے لئے بازار میں مختلف موئسچرائزرز دستیاب ہیں ۔آپ اپنی پسند کالوشن یا کولڈ کریم لگائیں مگر اسے خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ اس میں مصنوعی خوشبو یا رنگ کا استعمال کم سے کم کیا گیا ہو کیونکہ عموماً یہ جلد کو فائدے کی بجائے نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہےں۔ پٹرولیم جیلی بھی جلد کو نرم کرنے کے لیے مفیدہے۔ مارکیٹ میں کچھ ایسے لوشن اور کریمیں بھی دستیاب ہیں جو جلد کی نوعیت کے مطابق مختلف فارمولوں پر بنائی گئی ہوتی ہیں اوران پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ کس قسم کی جلد (مثلاًچکنی ،خشک یا حساس)کے لیے ہیں۔ نارمل جلد کے لیے کوئی بھی کولڈ کریم فائدہ مند ہوتی ہے۔
٭کیا گیس ہیٹر جلد کے لیے نقصان دہ ہے؟
٭٭بعض علاقوں میں سخت سردی کی وجہ سے گیس ہیٹر کا استعمال زیادہ کیا جاتاہے۔ عام مشاہدہ ہے کہ گیس ہیٹر کے سامنے اگر کھانے کی کوئی چیز رکھیں تو وہ خشک ہو جاتی ہے۔ اسی طرح زیادہ دیرتک ہیٹرکے سامنے رہنے سے جلد کی نمی بھی کم ہو جاتی ہے جس سے وہ خشک اور روکھی ہو جاتی ہے۔ اس لیے اس کا استعمال کم کریںیا اس کے اوپر یا سامنے ایک برتن میں پانی رکھ دیں تاکہ کمرے میں نمی کی مقدار برقرار رہے۔
٭بزرگوں کے لیے یہ موسم ذرا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ انہیں کیا کرنا چاہئے؟
٭٭کسی چیز کی کمی یا بیشی سبھی کو متاثر کرتی ہے لیکن بزرگ اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں‘ اس لئے کہ ان کے جسم میں اس تبدیلی کو سہنے کی استعدادکم ہوتی ہے۔ سردی سے محفوظ رہنے کے لئے بزرگ حضرات خود کو اچھی طرح سے ڈھانپ کر رکھیں،گرم مشروبات مثلاً یخنی اور پھلوں کے رس کا استعمال زیادہ کریں اور چائے‘ کافی وغیرہ سے پرہیز کریں کیونکہ یہ پیشاب آور ہوتی ہیں اور انہیںپینے کی صورت میں پیشاب زیادہ آنے کی وجہ سے بزرگوں کو مشکل کا سامنا رہتا ہے۔اس کے علاوہ جلد کو خشک ہونے سے بچائیں۔
٭کیا سردیوں میں گرم کپڑوں کا استعمال الرجی یا خارش کا باعث بن سکتا ہے؟
٭٭بعض لوگوں کی جلد حساس ہوتی ہے یا انہیں اون (wool)سے الرجی ہوتی ہے اور وہ اس کے بنے ہوئے کپڑے نہیں پہن سکتے۔جولوگ چنبل کی ایک قسم اٹوپک ڈرماٹائٹس (Atopic dermatitis)سے متاثر ہوں،انہیں اس موسم میں جلد کے زیادہ خشک ہونے کی وجہ سے شدید ایگزیما بھی ہو سکتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ اون کے کپڑوں کے نیچے کاٹن کی کوئی چیز پہنیں تاکہ اس سے محفوظ رہا جا سکے ۔
٭ سردیوں میں ہونٹوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟
٭٭ دیکھا گیا ہے کہ سردی کے موسم میں جب ہونٹ خشک ہوتے ہیں تو انہیں نم رکھنے کے لیے لوگ ان پر زبان پھیرتے ہیں۔جیسے زبان کی فراہم کردہ نمی ختم ہوتی ہے، ہونٹ پہلے سے بھی زیادہ خشک ہو جاتے ہیں۔ جب ہونٹوں پر پپڑیاںبنتی ہیں تو لوگ انہیں دانتوں یا ہاتھوں کے ذریعے نوچتے رہتے ہیں جس سے زخم بن جاتے ہیں ۔ان مسائل سے نجات کا آسان طریقہ چیپ سٹک (chapstick) یابام وغیرہ کا استعمال ہے جس سے ہونٹ نرم رہیں گے۔
٭سرد موسم میں جلد کا رنگ گہرا ہونے کی کیاوجہ ہے ؟
٭٭ سردیوں میں اس کا رنگ گہرا ہونے کی دو اہم وجوہات ہیں۔پہلی یہ کہ گرمیوں میں گرمی کی وجہ سے لوگ دھوپ میں نکلنے سے گریز کرتے ہیں۔ اس کے برعکس سردیوں میں وہ نہ صرف دھوپ میں بیٹھتے ہیں بلکہ ان کا چہرہ بھی عموماًسورج کی طرف ہوتا ہے۔ اس سے اس کی رنگت خراب ہو جاتی ہے۔ لوگوں میں ایک غلط خیال یہ بھی پایا جاتا ہے کہ اس موسم کی دھوپ جلد کو نقصان نہیں پہنچاتی حالانکہ ایسا نہیں ہے۔سرد یوں کی دھوپ بھی گرم موسم جتنی ہی سخت ہوتی ہے اور اتنا ہی نقصان پہنچاتی ہے لہٰذا اس موسم میں بھی ماہرین امراض جلد سن بلاک استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ سورج کی مضرصحت شعاﺅں سے بچا جا سکے۔ اگر دھوپ میں بیٹھنے کو دل چاہ رہاہو تو سورج کی طرف منہ نہیں بلکہ کمر کر کے اور سن بلاک لگا کر بیٹھیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ لوگ اس موسم میں پانی کم پیتے ہیں جس سے جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے اور جلد کو پانی نہ ملنے کی وجہ سے وہ خشک اور گہری ہونے لگتی ہے۔
٭لوگ سردیوں میں پانی کم پیتے ہیں۔ کیا ہمیں اس موسم میں بھی گرمیوں جتنا ہی پانی پینا چاہئے؟
٭٭سرد موسم کی وجہ سے لوگوں کو پیاس کم محسوس ہوتی ہے لہٰذا وہ پانی کم پیتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ سات سے آٹھ گلاس پانی لازماًپئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے پائے۔ اس سے ان کے گردوں پر بھی اچھا اثر پڑے گااور جلدبھی تروتازہ رہے گی۔
٭ہم سردیوں میں بالوں کی حفاظت کیسے کر سکتے ہیں؟
٭٭عموماًگرمیوں میں سر کی خشکی کا مسئلہ کم ہی سامنے آتاہے جبکہ سردیوں میں جسم کے دیگر حصوں کی جلد کی طرح سر کی جلد بھی خشک ہو جاتی ہے۔ اس لیے ہفتے میں ایک دفعہ سر میں آئل ضرورلگا ئیں یا ایسا شیمپو استعمال کریں جواینٹی ڈینڈرف ہو۔ شیمپو کا زیادہ استعمال بھی بالوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس لیے اس کی کچھ مقدار پانی میں مکس کر کے بالوں میں لگائیں۔کنڈیشنر کے استعمال سے بال خشک نہیں ہوں گے ۔بالوں کو بھی موئسچرائزڈ رکھناجلد جتناہی ضروری ہے ۔
٭حجاب کرنے والی خواتین کے سر میں خشکی اور بال گرنے کا مسئلہ زیادہ عام ہے۔اس کے لئے انہیں کیا کرنا چاہئے؟
٭٭حجاب خواتین کے لئے بہتر ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بال فضا میں موجود آلودگی سے براہ راست رابطے میں نہیں آتے۔ ایسی خواتین کوچاہئے کہ شیمپو سے پہلے بالوں پر تیل لگائیں اور انہیں زیادہ گرم پانی سے دھونے سے گریز کریں۔ حجاب اتارنے کے بعد بالوں میں موجود پسینے کو خشک کریں کیونکہ یہی پسینہ بعد میں خشکی کی تہہ بننے کاسبب بنتا ہے اور جب بال کمزور ہوتے ہیں توان کے ٹوٹنے کی شکایت بھی بڑھ جاتی ہے۔
٭سرد موسم میں مہاسوں سے جلد کو کیسے بچائیں؟
٭٭ خشک موسم میں بعض لوگوں کو مہاسوںکی شکایت ہوجاتی ہے۔ ایسے میں ماہر امراض جلد سے معائنہ کروائیں اوراپنی جلد کے موافق موئسچرائزر استعمال کریں۔ بعض موئسچرائزرز میں آئل کی مقدار زیادہ ہوتی ہے لہٰذا یہ جلد کے مساموں کو بند کر کے مہاسوں کا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا کوئی بھی لوشن خریدتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ و ہ جلد کے مساموں کوزیاہ بند نہ کرے اور جلد کی نمی کو بھی برقرار رکھے۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی بھی مناسب مقدار میں استعمال کریں۔
٭بچوں کی جلد کوٹھنڈ کے برے اثرات سے کیسے بچایا جا سکتا ہے؟
٭٭بچوں کی جلد نرم اور زیادہ حساس ہوتی ہے اور ان پر سردی کا اثر بھی زیادہ ہوتا ہے۔ اس لیے انہیں ڈھانپ کر رکھنازیادہ ضروری ہوتاہے لیکن انہیں بہت زیادہ ڈھانپنا بھی ٹھیک نہیں۔ بڑوں کی نسبت انہیں موئسچرائزر کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور اگر اس کا استعمال نہ کیا جائے تو ان کے گال سرخ ہو کر پھٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے لوشن ،کولڈ کریم اور گلیسرین ضرورلگائیں۔ اس سے عام طور پریہ مسئلہ حل ہو جاتا ہے اور اگر ایسانہ ہو تو پھر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
٭سیکنڈ ہینڈ گرم کپڑوں کو استعمال کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے؟
٭٭ایسے کپڑوں میں جراثیم ہو تے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں ڈرائی کلین کروا لیا جائے۔ انہیں گرم پانی سے دھوکر تیز دھوپ میں سکھایا جائے تو ان میں موجود جراثیم ختم ہو جاتے ہیں ۔جب بھی نئے موسم کے کپڑے اور بستر نکالیں تو انہیں دھوپ ضرور لگوائیں۔
٭ خشک میوہ جات جنہیں سرد موسم کا تحفہ تصور کیا جا تا ہے ،جلدکے لیے کتنے مفید ہیں؟
٭٭سرد موسم میں لوگ مچھلی اور مختلف میوہ جات کا استعمال بڑھا دیتے ہیں ۔یہ تمام چیزیں صحت کے لیے اچھی ہیں لیکن اگر کسی کو ڈرائی فروٹس کھانے سے مہاسے بڑھنے کا مسئلہ ہو تو ان کا استعمال کم کردے۔ وٹامن سی سے بھرپور غذائیں جلد کے لیے مفید ہیں۔ گاجر اور مالٹا اس موسم کی خاص سوغات ہے۔ مالٹا سردیوں میں جلد پر پڑنے والے مضرصحت اثرات سے بچاتا ہے۔ اس کا جوس جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
٭برتن اور کپڑے دھونے کے بعد ہاتھوں کو موئسچرائز کرنا کتنا ضروری ہے؟
٭٭خواتین جب برتن یا کپڑے دھوئیں تو اس کے فوراًبعد ہلکے گیلے ہاتھوں سے پیٹرولیم جیلی یا کولڈ کریم ضرور لگائیں کیونکہ ان میں ایسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو ہاتھوں کی جلد کو روکھا اور خشک کرتے ہیں۔ اس کے لئے بازار میں کئی طرح کی کولڈ کریمیں دستیاب ہیں۔ پہلے پہل خواتین گھر میں ہی گلیسرین ، عرق گلاب اور لیموں کا رس ملا کر ایک مکسچر بنا کر استعمال کر لیتی تھیں۔ جلد کے لیے یہ اب بھی کارآمد ہے اور جن لوگوںکو خشک جلد کا مسئلہ ہو‘ ان کے لیے باقاعدگی سے اس کا استعمال مفید ہے ۔اگر خشک جلد کو کنٹرول نہ کیا جائے تو وہ بڑھ کر ایگزیما کی شکل اختیار کر لے گی۔
٭کیا تمام طرح کے لوشن جلد کے لیے مفید ہیں؟
٭٭لوشن اور موئسچرائزر میں اہم چیز گلیسرین ہی ہوتی ہے جو جلد کو خشکی سے بچاتی ہے۔ اس لیے اپنی پسند کا لوشن استعمال کرسکتی ہیں۔ چہرے کے لیے استعمال کی جانے والی بعض کریموں میں سٹیرائیڈز ہوتے ہیں،اس لیے ان کے استعمال میں احتیاط کریں۔ ایسی کریمیں جو رنگ گورا کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں، ان میں مرکری(Mercury) کا تناسب زیادہ ہوتا ہے ۔ایسی کریمیں گردوں پر منفی اثر ڈالنے کے علاوہ چہرے کی جلد کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔ اس لیے ان کے استعمال سے گریز کریں۔
٭قارئین کے لئے جلد کی حفاظت کے حوالے سے کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
٭٭ قارئین کو میں یہی پیغام دینا چاہوں گا کہ اچھی اور صحت مند جلد کے لئے ضروری ہے کہ اچھی اور متوازن غذا ءاستعمال کریں ،روزانہ چھ یا آٹھ گھنٹے کی نیند ضرور لیں،تازہ پھلوں کا جوس پئیں ،پانی اورسبزیوں کااستعمال زیادہ کریں۔ اس کے علاوہ ورزش کو اپنا معمول بنائیں۔اس سے عمومی صحت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کی جلد پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
