Vinkmag ad

میمو گرافی چھاتی کے سرطان کی سکریننگ

    چھاتی کا سرطان دنیا بھر میں خواتین کے لیے بہت بڑاخطرہ ہے ۔ پاکستان میں اس مہلک بیماری کی وجہ سے ہونے والی اموات کی شرح تمام ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہرسال اس کینسر کے 90ہزارکیس سامنے آتے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے سالانہ 40ہزار خواتین موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔
خطرے سے نپٹنے کا پہلا مرحلہ مرض کی درست تشخیص ہے لہٰذا ماہرین صحت تجویز کرتے ہیں کہ 40سال سے زائد عمر کی تمام خواتین کو سال میں ایک مرتبہ میموگرافی ضرورکروانی چاہئے۔یہ ٹیسٹ ان خواتین کو خاص طور پر کروانا چاہئے جن میں چھاتی کے سرطان کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس میں وہ خواتین شامل ہیں جن کے گھر یا خاندان میں کسی کوبریسٹ کینسر ہو چکا ہو، جنہیں چھاتی سے متعلق مسائل زیادہ رہتے ہوں یا جن کا سن یاس شروع ہو چکا ہو۔

میموگرافی ہے کیا
میموگرافی چھاتی کے سرطان کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی اس کی موجودگی کا پتا دے دیتی ہے۔میموگرافی کی دو اہم اقسام سکریننگ میموگرافی (screening mammography) اورتشخیصی میموگرافی ہیں۔
سکریننگ میموگرافی میںکینسر کی سکریننگ کی جاتی ہے جو 40 سال سے زائد عمر کی ہر خاتون کو کروانی چاہئے۔اس کی دوسری قسم یعنی ڈائیگناسٹک میموگرافی چھاتی پر کوئی خاص علامت ظاہر ہونے پر کی جاتی ہے۔ اس میں چھاتی کے کچھ اضافی ایکسرے کی تصاویر شامل ہوتی ہیں۔یہ میموگرافی سکریننگ رپورٹ میں ظاہر ہونے والی کسی خطرناک علامات کی نشاندہی کرنے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔
سکریننگ کرواتے وقت ڈاکٹر کو اپنے کیس کی ہسٹری،پہلے کرائی گئی کوئی سرجری، ہارمون تھیراپی یازیر استعمال دواﺅں کے بارے میں ضرور آگاہ کریں۔
میموگرافی سے متعلق چند مفروضے بھی عام ہیں۔مثلاً بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یہ محفوظ ٹیسٹ نہیں اور اس کی شعاعیں جسم کو نقصان پہنچا تی ہیں۔ یہ بالکل محفوظ طریقہ ہے جس میں شعاعوں کا استعمال بہت ہی کم کیا جاتا ہے ۔ان کی وجہ سے آج تک کسی خاتون کو کینسر نہیں ہوا۔

سکریننگ کے لیے احتیاطیں
میموگرافی کے لیے کوئی خاص احتیاط یا وقت کی قید نہیں مگر اس بات کا ضرور دھیان رکھنا چاہئے کہ آپ نے اس دوران کپڑے ڈھیلے ڈھالے پہنے ہوں۔کوشش کریں کہ ٹیسٹ کے وقت جیولری بھی نہ پہنی ہو۔نیز باڈی سپرے ،پاﺅڈر یا کسی بھی قسم کاکاسمیٹک لگانے سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔
یاد رکھئے کہ بروقت سکریننگ اور علاج کینسر جیسے مرض سے بچا سکتا ہے۔ اس لئے اگر آپ خاتون ہیں‘ آپ کی عمر 40سال سے زائد ہے‘ آپ کی فیملی میں یہ مرض موجو دہے یا آپ کو اپنی چھاتی پر کوئی غیرمعمولی علامت نظر آتی ہے تو دیر مت کیجئے اور اس کا ٹیسٹ کرائیے۔ہمارے ہاں سکریننگ کے لئے تو کجا بیماری کی شناخت کے بعدعلاج کروانے کے لئے بھی مریضہ کو ڈاکٹر کے پاس تب لایا جاتا ہے جب معاملات ہاتھ سے نکل چکے ہوتے ہیں۔
(ث۔س)

Vinkmag ad

Read Previous

بچوں کی دیکھ بھال… اُف یہ سردیاں

Read Next

بی بی کریمز۔ فائدہ مند ہیں یا نہیں

Most Popular