Vinkmag ad

پٹھوں کا کھچاؤ

پٹھے کیوں کھچتے ہیں

کئی افراد کورات کوسوتے ہوئے اچانک پنڈلی یا کسی اورعضوکےایک یا اس سے زائد پٹھے کھچ جانے کا تجربہ ضرورہوا ہوگا ۔ اس کے نتیجے میں شدید درد ہوتا ہے جو چند لمحوں سے 15 منٹ تک محیط ہوسکتا ہے۔ مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟

اس کے پس پردہ سائنس یہ ہے کہ ہمارے جسم میں ایک خاص توازن کے ساتھ کچھ الیکٹرولائٹس پائے جاتے ہیں جن میں سوڈیم،پوٹاشیم، میگنیشیم اورکلورائیڈ شامل ہیں۔ الیکٹرولائٹس ہمارے جسم میں پائے جانے والے وہ معدنیات ہیں جن پربرقی چارج ہوتا ہے۔ یہ خون، پیشاب، ٹشوزاورمائع جات میں پائے جاتے ہیں۔ یہ پٹھوں کی کارکردگی کے لئے اہم ہیں۔ مثلاً میگنیشیم انہیں کھچنے اورواپس اپنی جگہ آنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے برعکس کلورائیڈ جسم کے مائع جات کا توازن برقرارکھتا ہے۔

اگرکسی وجہ سے یہ توازن بگڑجائے یا ان الیکٹرولائٹس کی مقدارمیں کمی واقع ہو جائے توپٹھے سکڑجاتے ہیں اوراپنی جگہ واپس نہیں آتے۔ یہ مسئلہ دن کے کسی بھی حصے میں پیش آسکتا ہے مگرعموماً رات کے وقت زیادہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت دن بھر کی تھکاوٹ جسم میں آکسیجن کا بہاؤ کم کردیتی ہے۔اس کے علاوہ رات کو جسم میں فاضل مادے بھی جمع ہونے لگتے ہیں جودرد کا سبب بنتے ہیں۔

وجوہات کیا ہیں

اس کیفیت کا باعث بننے والی عمومی وجوہات میں پٹھوں پردباؤ پڑنا، پانی اورغذائی اجزاء کی کمی، بہت زیادہ پسینہ اورپیشاب آنا، ڈائریا، ہائی بلڈ پریشر کے لئے کھائی جانے والی پانی کی گولیوں کےمضراثرات اورہاضمے کے مسائل شامل ہیں۔ بعض اوقات جسم کو کسی چوٹ سے ٹھیک ہونے اورخواتین کو حمل کی ضروریات کے لئے ان الیکٹرولائٹس کی زیادہ مقداردرکار ہوتی ہے۔ ایسے میں ان کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ بعض افراد میں خون کے دباؤ کے مسائل بھی پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے شریانیں تنگ ہو جاتی ہیں اورپٹھوں تک خون کی فراہمی کم ہوجاتی ہے۔

توجہ طلب علامات

پٹھے کھچ جانا بالعموم بڑا مسئلہ نہیں بنتا تاہم ذیل میں بیان کردہ غیرمعمولی علامات ظاہرہوں تو ڈاکٹرسے رابطہ کریں

٭شدید دردہونا۔

٭سوجن، سوزش اورجلد پرغیرمعمولی آثارظاہر ہونا۔

٭اس صورت حال کا سامنا اکثراوقات ہونا۔

٭پہلے ذکرکی گئی وجوہات کے بغیریہ مسئلہ پیش آنا۔

٭کوشش کے باوجود تکلیف میں کمی نہ آنا۔

عموماً کھلاڑیوں، ادھیڑعمراوربزرگ افراد میں پٹھوں کے کھچ جانے کی شکایت زیادہ پائی جاتی ہے۔ زیادہ دیرتک بھاگ دوڑ کرنے، سائیکل چلانے یاورزش کے دوران جب زیادہ پسینہ نکلتا ہے توالیکٹرولائٹس بھی زیادہ خارج ہوجاتے ہیں۔ صرف غیرمعمولی طورپرمتحرک رہنے والے افراد ہی نہیں بلکہ ایک ہی جگہ اورپوزیشن میں زیادہ دیربیٹھے یا کھڑے رہنے سے بھی یہ مسئلہ پیش آسکتا ہے ۔

Science behind muscle strain, causes, alarming symptoms

Vinkmag ad

Read Previous

سماعت سے متعلق دلچسپ معلومات

Read Next

پٹھوں کا کھچاؤ، آرام کیسے حاصل کریں

Leave a Reply

Most Popular