Vinkmag ad

سردیوں کا خاص تحفہ لذیذ بادام

انسانی آنکھ سے مشابہت رکھنے والا خشک پھل بادام اپنی طبی خصوصیات کی وجہ سے خاص و عام میں بہت مقبول ہے ۔ اسے اُگانے والے ممالک میں اٹلی‘سپین‘ریاست ہائے متحدہ امریکہ فرانس‘ ایران ‘ فلسطین‘افغانستان اورپاکستان شامل ہیں۔کیلی فورنیا بادام کی پیداوار میں سب سے زیادہ مشہور ہے جبکہ اسپین دوسرے نمبرپر ہے۔ پاکستان میں کوئٹہ اور قلات ڈویژن میںبادام کے باغات پائے جاتے ہیں ۔ ایرانی بادام اپنی خوبصورتی اوربڑی جسامت کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے ۔ پاکستانی بادام شکل وصورت میں کم درجے کے لیکن ذائقے اور روغنی اجزاء کی بنا پر بہترین مانے جاتے ہیں۔

بادام کی بہت سی اقسام ہیں لیکن بالعموم انہیں میٹھے اور کڑوے کے طور پر جانا اورپہچانا جاتا ہے ۔ایک کاچھلکاپتلا اور دوسرے کاموٹا ہوتا ہے۔ پتلے چھلکے والابادام کاغذی اور موٹے چھلکے والاکاٹھا کہلاتا ہے ۔ کاٹھے باداموں میں کڑوے بادام یا خوبانی کی گری کی ملاوٹ عام ہے۔ جب بازار سے بادام خرید کر گھر آتے ہیں تو اس میں خاصی تعداد میں بادام کڑوے نکلتے ہیں۔بازار میں امریکی بادام بھی ملتے ہیںجن کا کوئی دانہ کڑوا نہیںہوتا۔اسی طرح نمکین بادام بھی ملتے ہیں جو نمک کی وجہ سے جلد خراب نہیں ہوتے اور خشک میوہ جات کے ساتھ کھائے جاتے ہیں۔دھیان رہے کہ نمک کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہے۔

سردیاں: نزلہ زکام سے نجات
کئی سال پہلے مجھے سردی میں شدید کھانسی اور بلغم کی شکایت ہوئی تو میری دادی جان نے مجھے ایک ٹوٹکا بتایا جو نہایت مفید ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ بادام کی سات گریاں باریک پیس کر مکھن میں ملادواور اس میں مصری ڈال لو۔صبح شام اس کو چاٹو‘ دوتین دن میں کھانسی دور ہوجائے گی۔مکھن اگر گائے کے دودھ کا ہو تو زیادہ اچھا ہے ۔ بادام کا یہ ٹوٹکا بغیر مکھن کے بھی آزمایا جاسکتا ہے۔
نزلے زکام کے بعد اگر خشک کھانسی کی شکایت ہو اور بلغم نہ نکلے تو آپ چھ ماشہ روغن بادام خالص میں ایک چمچ شہد ملا کر رکھ دیں ۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعداسے زبان پر رکھ کرچاٹیں۔ اس سے گلے کی خشکی دور ہوجائے گی۔ اگر آرام نہ آئے تو صرف ٹوٹکوں تک محدود رہنا کوئی عقل مندی نہیں۔ ایسے میں ڈاکٹر سے بروقت رجوع کریں تاکہ بڑے مسائل سے محفوظ رہا جاسکے۔

خوبصورت ‘ شاداب جلد
کڑوے باداموںکا تیل زیبائشی اشیاء (cosmetics) میں استعمال ہوتا ہے۔ چہرے کی رنگت صاف کرنے والی کریموں میں بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے جس سے چہرے کی چھائیاں اور داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں۔بادام کی کھل(بادام سے تیل نکالنے کے بعد بچ جانے والا برادہ) ابٹن میں استعمال کی جاتی ہے۔
سردیوں میں جلد روکھی اور بے جان ہوجاتی ہے۔جلد کی شادابی کے لئے آپ بادام کھانے کے ساتھ ساتھ اپنی جلد پر بھی لگائیں۔تازہ گلاب کی پتیاں اور پسے ہوئے بادام لے کر اس میں دودھ کی بالائی شامل کرکے پیسٹ بنالیں۔ یہ ایک زبردست بیوٹی ایڈ ہے۔جس سے جلد صاف،نرم اور پرکشش ہوجاتی ہے۔

سردیوں میں چاق چوبند رکھیں
سردی کے باعث اکثر لوگ فعال نہیں رہتے۔سردیوں میں بھی چاق چوبند رہنے کے لئے پانچ بادام پانی میں بھگوکر چھلکا اتار لیں ۔پھراچھی طرح پیس کر اسے ابلے ہوئے دودھ میں شامل کریں۔ دوسے تین ابال آجائیں تو چولہابند کردیں۔ٹھنڈا ہونے پر شہد ملالیں۔

مضبوط ہڈیاں
سردیوں میں عموماً جوڑوں کے درد کے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔ایسی صورت میں بادام کے استعمال سے اس میں موجود اجزاء کے باعث ہڈیوں کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔بادام کا دودھ آپ اپنے گھر پر تیار کرکے اس سے مستفید ہوسکتی ہیں۔آدھا پاؤ بادام سے آپ آدھا کلو دودھ تیار کرسکتے ہیں۔بادام رات بھربھگو کر اس کاچھلکا اتار لیں۔پانی ابال کر اسے ٹھنڈاکرکے بادام کے ساتھ گرائنڈ کرلیں۔یہ سردیاں بھگانے اور سردموسم میں ہونے والے عام دردوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

بادام کے دیگرفوائد
٭بادام کا تیل پینے سے قبض دورہوتی ہے۔
٭حمل کے آخری تین ماہ میںایک چمچ روغن بادام دودھ میںملا کر پینے سے بہت فائدہ ہوتا ہے ۔ اس سے زچگی میں آسانی ہوتی ہے۔
٭ خون کی کمی کے شکار افراد بادام سے صحت حاصل کرسکتے ہیں۔
٭کمردرد کے شکار لوگ رات کو روغنِ بادام کی مالش باقاعدگی سے کروائیں اوربادام شہد میں ملا کر کھائیں۔اس سے کمر کا درد بہتر ہوگا۔
٭گلے کی خراش ختم کرنے کے لئے سات عدد بادام تین عدد کالی مرچ کے ساتھ چبا کر کھائیں۔ اس سے پھنسا ہوا بلغم تحلیل ہوجاتا ہے۔
٭بادام کا تیل بالوں کی افزائش کے لئے بھی اچھا ہے ۔ اس سے بالوں کی خشکی اورسکری ختم ہوتی ہے اور وہ مضبوط ہوجاتے ہیں۔
٭سردیوں کے موسم میں بادام کے تیل کی مالش یا مساج اگر جسم پر کیاجائے تو بدن نرم وملائم رہتا ہے اور خشکی نہیں رہتی۔
بادام سے بنی ذائقہ دار اشیاء
٭بادام کے لڈو بڑے مزے کے بنتے ہیں۔گھی میں سوجی بھون کر اس میں پسے ہوئے بادام‘پستہ‘ اخروٹ‘چہارمغز اور چینی ملا کر لڈو بنا لیں۔ سردیوں میںیہ لڈو کھانے سے جسم میںطاقت آتی ہے۔
٭بادام کی برفی بہت لذیذ ہوتی ہے۔یہ برفی بنانے کے لئے دودھ میں بادام ڈال کر خوب پکایا جاتا ہے اور بعد میں جما کر برفی کے ٹکڑوں کی طرح کاٹ لیا جاتا ہے ۔
٭بادام کا دہی بڑا لذیذ ہوتا ہے۔بادام پیس کراس میں دودھ ملا کر اورپھرجوش دے کر دہی جمایا جاتاہے ۔یہ دہی دماغی قوت کے لئے بہت مفید ہے۔
٭بادام کی میٹھی ٹکیاں بنتی ہیں۔ٹکیاں بنانے کے لئے میدے اور سوجی میں پسے ہوئے باداموں میں چھوٹی الائچی پیس کر ملائی جاتی ہے۔ پھر اصلی گھی ڈال کر دودھ سے آٹا گوندھا جاتا ہے اورچھوٹی چھوٹی ٹکیاں بنا کرانہیں تلا جاتا ہے ۔
٭باداموںکا کیک‘خستہ نمکو‘ٹکیاں‘ سبھی طاقت بخش ہیں۔ بچوں کو بیکری کی بنی چیزیںا ور چپس کھلانے کی بجائے انہیں بادام کھلائیں۔ اس طرح وہ اپنا سبق بہتر طریقے سے یادکرسکیں گے اور ان کی صحت بھی بہتر ہوگی۔

Vinkmag ad

Read Previous

جلنا یا جھلسنا فوری طور پر کیا کریں

Read Next

سپیچ اینڈ لینگوئج تھیراپی

Leave a Reply

Most Popular