قدرت نے سبزیوں کی شکل میں ہمیں ایک بہت بڑی نعمت سے نوازا ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ لوگوں کی قابل ذکر تعداد انہیں گوشت کے مقابلے میں ادنیٰ غذا سمجھتی ہے اوراسے کھانا پسند نہیں کرتی۔بچوں میں اس طرح کی غیرصحت مندانہ عادت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے وہ جسم کو درکار کچھ اہم غذائی اجزاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔ دوسری طرف کچھ لوگوں کو سبزیاں پسند تو ہوتی ہیں لیکن ہمارے ہاں چیزوں کو بہت زیادہ پکانے اور بھوننے کارواج عام ہے جس کی وجہ سے ان میں موجود اجزاء کی غذائی افادیت کم ہوجاتی ہے ۔مزید برآں انہیں اکثراوقات زیادہ گھی یا تیل میں پکایا جاتا ہے جس سے غذا میں چکنائی کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو صحت کے لئے اچھی نہیں۔اس صورت حال کا بہترین حل سلاد ہے۔
اگرسلاد کو نفاست سے کاٹ کر خوبصورت انداز میں سجا کر پیش کیا جائے تو یہ دلوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے اوربچے اور بڑے اسے کھانا پسند کرتے ہیں ۔چونکہ یہ کچی سبزیوں پر مشتمل ہوتا ہے لہٰذا ن کے غذائی اجزاء اپنی اصلی حالت میں برقرار رہتے ہیںجوصحت کے لئے زیادہ مفید ہیں۔یہ اگرچہ مختلف چیزوں سے بنایا جا سکتاہے لیکن زیادہ تر صورتوں میںیہ گاجر، کھیرے ، مولی، ٹماٹر اور سلاد کے پتوں سے بنتا ہے‘ تاہم اس میں اپنی پسند کے پھل بھی شامل کئے جا سکتے ہیں۔اسے کھانوں کے درمیانی وقفے میں بھوک مٹانے کے علاوہ ناشتے میں بھی لیا جاسکتا ہے ۔
سلاد کے فوائد
سبزیوں اور پھلوںسے تیارکردہ سلاد میں پروٹین، وٹامنزکی مختلف اقسام مثلاً اے، سی اور کے‘فولیٹ اور پوٹاشیم کے علاوہ فائبرز (ریشوں) کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔سلاد کے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں :
زہریلے مادوں کا اخراج
سلاد میں سبز پتوں والی سبزیوں کی موجودگی کے باعث اس میں کلوروفل پایا جاتا ہے جسے ہم آسان الفاظ میں ’پودوں کا خون‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ سلاد خون سے زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے ۔ایسے مادے جسم میں بدبو بھی پیدا کرتے ہیں جن سے نجات کے لئے ادویات استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ کام سلاد سے بھی لیا جا سکتا ہے ۔
قبض کشا
قبض صحت کا ایک ایسا مسئلہ ہے جو لوگوںکی بڑی تعداد کو درپیش رہتا ہے ۔ اس کا ایک بڑا سبب ہماری غذا میں پروسیسڈ خوراک( جسے مختلف مراحل سے گزار کر تیار کیا گیا ہو اور اسے استعمال کے لئے محض تلنا باقی ہو) کا زیادہ استعمال ہے ۔ اس صورت حال کا ایک حل اپنی غذا میں ایساسلادشامل کرنا ہے جس میں زرد سبزیاں اور پھل مثلاً پیٹھا‘ میٹھا، مالٹا اور چکوترا وغیرہ شامل ہوں‘ اس لئے کہ یہ قدرتی طور پر قبض کشا ہیں۔سلاد میں موجود ریشے قبض دور کرنے کے علاوہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کو بھی معمول پر رکھتے ہیں ۔ ریشوں کی وجہ سے سلاد ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے ۔
مضبوط مدافعتی نظام
سلاد میں پایا جانے والافلورین(Fluorine)جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہٰذا اسے اپنی غذا میں مستقلاً شامل رکھنے والے افراد متعدی امراض کا کم شکار ہوتے ہیں۔ یہ ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط کرنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے ۔
سلاد پر مشتمل غذائوں میں ایک اور عنصر سوڈیم بھی بہت اہم ہے۔ کھیرے میں اس کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے ۔ یہ خون کے درجہ حرارت کومعمول پر رکھنے کے علاوہ جوڑوں کی لچک کے لئے بھی مفید ہے۔سلادکے طور پر استعمال ہونے والاایک آبی پودا (watercress) پوٹاشیم کے حصول کا بھی بہتر ین ذریعہ ہے۔
بے وقت کی بھوک مٹائے
سلاد ایک ایسی چیز ہے جسے کھانے سے پیٹ تو بھر جاتا ہے لیکن ہمیں کیلوریز زیادہ تعداد میں نہیں ملتیں۔ اس لئے یہ بے وقت کی بھوک مٹانے کا اچھا ذریعہ ہے ۔ مزید برآں بہتریہ ہے کہ اسے کھانے کے ساتھ کی بجائے کھانے سے پہلے کھایا جائے ۔اس طرح کھانا کم کھایا جائے گا اور آپ موٹاپے سے بچے رہیں گے ۔