زچگی کے بعد کتنا آرام کریں
دوران حمل رحم مادرمیں بچے کی نشوونما کے دوران ماں اور بچے کا جسم کئی طرح کی تبدیلیوں سے گزرتا ہے۔ اس عامل کی بنیاد پرزچگی کا طریقہ کاربھی ہرخاتون میں مختلف ہوتا ہے جس کے بعد خواتین کو جسمانی اور ذہنی طور پرنارمل ہونے کے لئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں زچگی کی کس قسم میں کتنا آرام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
نارمل ڈلیوری
کسی قسم کی پیچیدگی یا آپریشن کے بغیرزچگی نارمل ڈلیوری کہلاتی ہے۔ اس کے بعد خواتین کو چاہئے کہ کم از کم ایک ہفتے تک خوراک اور آرام کا ویسے ہی خیال رکھیں جیسے حمل کے دوران رکھتی تھیں۔ اس کے بعد کام کاج شروع کردیں۔
چھوٹا آپریشن
اگر دوران زچگی بچے کے باہر آنے کی جگہ تنگ ہو اور پیدائش میں مشکلات پیش آرہی ہوں توچھوٹا سا چیرا دے کر اس عمل کو آسان بنایا جاتا ہے۔ زچگی کے بعد وہاں جلد میں جذب ہونے والے ٹانکے لگا دیئے جاتے ہیں۔ یہ عمل چھوٹا آپریشن (episiotomy)کہلاتا ہے۔ اس کے بعدکم ازکم 10 دن تک آرام کریں اوراپنی خوراک کا خیال رکھیں۔
آلے کی مدد سے پیدائش
ڈلیوری کی اس قسم(forcep) میں دوکھانے کے بڑے چمچوں یا سلاد نکالنے والے چمچ نما آلے کی مدد سے بچے کے سر کو برتھ کینال سے باہر نکالا جاتا ہے۔ یہ آپشن ان صورتوں میں استعمال ہوتا ہے جب بچہ تمام تر کاوشوں کے باوجود قدرتی طورپرباہر نہ نکل پا رہا ہو۔ اس کے بعد آرام کے دورانیے کا فیصلہ ماں کو جسمانی طور پر پہنچنے والے نقصان کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عمومی طور پر ماؤں کو کم ازکم تین ہفتے آرام کرنا چاہئے اور اہل خانہ کو ان کی دیکھ بھال کرنی چاہئے۔
بڑا آپریشن
بڑے آپریشن یا سی سیکشن میں ماں کے پیٹ کو چیرا دے کر بچے کو باہرنکالا جاتا ہے۔ یہ ایک سے زائد حمل یا آنول میں مسائل وغیرہ کی صورت میں کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ماؤں کو چاہئے کہ کم از کم چھ ہفتوں تک آرام کریں۔
دیگراحتیاطیں
٭اگر ادویات تجویز کی گئی ہوں تو انہیں باقاعدگی سے مقررہ مدت تک استعمال کریں۔
٭ چھوٹے آپریشن کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران زخم کی تکلیف کم کرنے اوراسے سوجن سے بچانے کے لئے برف کی تھیلی سے نرمی سے ٹکور کریں۔
٭ چھوٹے آپریشن کے 24 گھنٹوں بعد نیم گر م پانی سے نہائیں۔ اس کے علاوہ ٹھنڈے یا گرم پانی (جس میں بھی پرسکون محسوس کرتی ہوں) کے ٹب میں پانچ منٹ کے لئے بیٹھیں۔ اس کے بعد متعلقہ حصے کو مکمل طورپرخشک کر لیں۔
٭ بیرونی تولیدی عضو پر کٹ لگا ہو تو پیشاب کے بعد اسے دھونے کے بجائے اس پر نیم گرم پانی سے سپرے کریں، پھر جراثیم سے پاک تولیے یا نم ٹشو سے اسے صاف کرلیں۔
٭آپریشن کی صورت میں بچے کے وز ن سے زیادہ بھاری چیزیں اٹھانے سے گریز کریں۔
٭اپنی اور بچے کی ضرورت کی تمام اشیاء اپنے پاس رکھیں تاکہ انہیں اٹھانے کے لئے باربارحرکت نہ کرنا پڑے۔
٭ اہل خانہ بالخصوص شوہرکو چاہئے کہ اہلیہ کی دیکھ بھال کرے اور اسے سہارا دے۔
آرام کرنے سے یہ مراد ہرگز نہیں کہ ہر وقت بستر پر پڑی رہیں اور کسی قسم کی حرکت نہ کریں۔اپنے یا بچے کے چھوٹے موٹے کام کئے جا سکتے ہیں تاہم سخت جسمانی سرگرمیوں سے پرہیزکرنا ضروری ہے ۔
post delivery rest, rest after c-section, rest after normal delivery, delivery k bad kitna araam zaroori hai