رمضان اور آپ کی خوراک

رمضان اور آپ کی خوراک

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی گھروں اور باورچی خانوں کی رونق میں اضافہ ہو جاتا ہے۔  کھانوں کی خوشبو اور پکوانوں سے سجے دسترخوان سحر و افطار کا لطف اورمزہ دوبالا کر دیتے ہیں۔ اگرچہ روزوں کا اصل مقصد تقویٰ یعنی ضبط نفس کو پروان چڑھانا ہے۔ لیکن  ہمارے ہاں ان اوقات میں خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اپنے اپنے ذوق و شوق اور مزاج کے مطابق کچھ لوگ اس اہتمام میں سادگی بھی پسند کرتے ہیں۔

بلاشبہ روزے کا بنیادی مقصد سال بھر کے لئے روحانی غذا حاصل کرنا ہے۔ تاہم یہ عرصہ کھانے سے متعلق غیرصحت مند عادات سے چھٹکارا پانے کا بھی بہترین موقع ہے۔اس سلسلے میں چند اہم امور درج ذیل ہیں

کیا کھائیں، کیا پئیں

رمضان میں کھانے کے دو اہم اوقات ہوتے ہیں جن میں سے پہلا سحری ہے۔اسے سادہ رکھیں اورکوشش کریں کہ مرغن یا پروٹین والی غذائیں یعنی گوشت وغیرہ کم کھائیں۔اس سے آپ کو دن کے اوقات میں پیاس زیادہ لگے گی۔ اس وقت دہی میں زِیرہ یا الائچی شامل کر کے کھائیں اور لسی پینے کو معمول بنائیں۔ اس کے علاوہ دیگر غذائوں میں زیادہ نمک استعمال نہ کریں۔ افطاری سے لے کر سحری تک کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی پوری ہو۔ سحری میں دوسے تین گلاس پانی ضرور پیئں۔

دوسرا کھانا افطاری ہے۔ اس میں ایسی چیزیں کھائیں جو آپ کی توانائی کو جلدبحال کر دیں ۔اس کے لئے بہترین چیز کھجور ہے۔ اس کے علاوہ موسمی پھلوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ کولڈڈرنکس سے پرہیز کریں ‘ اس لئے کہ یہ معدے میں تیزابیت اور گردوں میں پتھری کا باعث بنتی ہے۔ ان کی بجائے آپ روایتی مشروبات مثلاً لسّی، شکنجبین، فالسے کا شربت اورملک شیک وغیرہ پئیں۔ تلی ہوئی اشیاء مثلاً پکوڑوں،سموسوں اورچپس وغیرہ سے حتی الامکان پرہیز کریں اور اگر انہیں کھانا ہو تو بہت کم مقدار میں کھائیں۔

قدرتی مشروبات اور پھل

روزے میں اور افطاری کے بعد سستی اور تھکاوٹ سے نجات کے لئے آپ سحری سادہ رکھیں اور ٹھنڈے لیکن قدرتی مشروبات استعمال کریں۔ موسمِ گرما کے پھل قدرت کی خاص نعمت ہیں جنہیں افطاری میں لازماً شامل رکھیں ۔

روزہ اور ورزش

دیگرموسموں میں افطاری سے دویاتین گھنٹے کے بعد ورزش کی جا سکتی ہے۔ اس کے برعکس روزے کی حالت میں گرمیوں میں ورزش کرنامناسب نہیں ۔ گرمیوں میں ہم ٹھوس غذا کی بجائے مشروبات زیادہ پیتے ہیں جو جسم سے فاسد مادوں اور چکنائی کو خارج کرتے ہیں۔ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد اگر معتدل مقدار میں صحت بخش غذا کھائیں تودوسے تین کلوگرام وزن ویسے ہی کم کر لیں گے۔

روزے کی طبی افادیت

روزہ ایک مذہبی فریضہ تو ہے ہی لیکن یہ صحت مند رہنے میں بھی ہماری مدد کرتا ہے۔مثال کے طور پر معتدل مقدار میں صحت بخش غذا سے وزن میں کمی ہوتی ہے۔ ہمارے جسم میں انسولین کا کردارنہایت اہم ہے اور روزہ رکھنے سے اس کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ ایک خاص وقت کے لئے بھوکا رہنے سے نظامِ انہضام میں بہتری آتی ہے اور یہ مؤثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔

جب گرمیاں اور رمضان اکٹھے آ رہے ہوں تو ہمیں چاہئے کہ خاص طور پر سادہ غذا کھائیں ۔ موسمی پھلوں اور سبزیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ گرمی سے بچنے کے علاوہ روزے میں چاق چوبند بھی رہ سکیں۔اس کے علاوہ مرغن غذائوں اور بسیار خوری سے حتی الامکان بچیں تاکہ روزوں سے جسمانی اور روحانی‘ دونوں طرح کے فوائد سمیٹے جا سکیں۔

مزید برآں دھوپ میں نکلنے سے پرہیزکریں ۔اگرایسا کرنا ضروری ہو تو سر ڈھانپ کر نکلیں تاکہ دھوپ کے برے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

Diet, Fast, benefits, natural fruits and drinks

Vinkmag ad

Read Previous

گملوں کی سبزیاں اوران کی افادیت

Read Next

مکسڈنٹ بالز

Leave a Reply

Most Popular