ذائقہ دار اور رسیلی لیچی بہت سے لوگوں کا پسندیدہ پھل ہے۔یہ دیکھنے میں جتنا دلکش ہے‘ کھانے میں اتنا ہی لذیذ بھی ہے۔مزید برآں یہ اپنے چھوٹے سے خول میں بہت سی مفید اجزائ‘ طبی فوائد اور بیماریوںکے علاج چھپائے ہوئے ہے ۔ اس کے بارے میں پڑھئے شفاانٹر نیشنل ہسپتال فیصل آباد کی ماہر غذائیات عروج روف کی اس تحریر میں
کھٹی میٹھی لیچی، گرمیوں کا خاص پھل ہے۔ جس طرح آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے‘ اسی طرح لیچی کو پھلوں کی رانی کے نام سے جانا جاتا ہے ۔اس موسم میں لیچی کا استعمال نہایت مفید ہے۔ یہ دیکھنے میں بیضوی شکل کی ہوتی ہے ۔اس کے باہر کی طرف ایک پتلا اور سخت سرخ گلابی چھلکا ہوتا ہے ۔اس کے اندرونی جانب ایک جھلی ہوتی ہے جس میں لیچی کا سفید گودا بڑے سے بیج کے ساتھ لپٹا ہوتا ہے۔ گودے کا ذائقہ نہایت شیریں اور خوش مزہ ہوتا ہے۔
لیچی کا اصل وطن چونکہ چین ہے‘ اسی مناسبت سے اس کا اصل نام چینی لیچی (Litchi Chinese) ہے۔تاہم یہ بھارت کے علاقوں مظفرپور، ا±ترپردیش اور مغربی بنگال میں جبکہ پاکستان میں سندھ کے بعض علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے۔ جو لوگ شہد کی مکھیاں پالتے ہیں‘ وہ قریبی باغ میں لیچی کے درخت بھی لگاتے ہیں۔ ان کے پھولوں سے تیارکردہ شہد بہت عمدہ ہوتا ہے۔
لیچی کے درخت پر پھل گچھوں کی شکل میں لگتا ہے اور ہر گچھے میں تقریباً تین سے 20 لیچیاں ہوتی ہیں۔ اس کا پھل بہت جلد خراب ہو جا تا ہے اس لئے اسے زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لئے پتوں اور ٹہنیوں سمیت کاٹا جاتا ہے۔
اس کا چھلکا چونکہ مسام دار ہوتا ہے‘ اس لئے پانی اس کے گودے کے ساتھ مل کر اس کے ذائقے کو خراب کر دیتا ہے۔لہٰذالیچی خریدتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اسے پانی میں نہ بھگویا گیا ہو۔ لیچی ہمیشہ تازہ خریدنی چاہئے تاکہ اسے کھا کر نہ صرف ذائقے کا لطف اٹھایا جاسکے بلکہ طبی فوائد بھی حاصل کئے جاسکیں۔
لیچی میں کیلشیم‘ فاسفورس‘ فولیٹ‘ کاپر‘ زنک‘ پوٹاشیم‘ سوڈیم اور وٹامن سی، اے ،ای کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ پھل نزلہ‘ زکام اور انفیکشن کو دور کرنے کے علاوہ پرانے زخموں کو مندمل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
گرمی سے نجات
لیچی‘ دل کو طاقت دیتی ہے اور اسے کھاتے ہی طبیعت ہشاش بشاش ہو جاتی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں یہ بے چینی اور گھبراہٹ سے بچاتی ہے ۔ خواہ کتنی ہی سخت گرمی ہو اور دل بیٹھا جا رہا ہو‘ صرف چند دانے لیچی کھانے سے پیاس دور ہو جاتی ہے اور جسم عجیب سی ٹھنڈک محسوس کرنے لگتا ہے ۔اسے کچھ دیر فریج میں ٹھنڈا کر کے کھانے سے زیادہ مز ہ لیا جاسکتا ہے۔
لیچی سے وزن میں کمی
موٹاپے کے شکار افراد نہ صرف دیکھنے میں بھدے نظر آتے ہیں بلکہ انہیں مختلف بیماریوںکی لپیٹ میں آنے کا خطرہ بھی لا حق رہتا ہے۔ اس لئے ماہرین صحت ہمیشہ وزن کو مناسب رکھنے پر زور دیتے ہیں۔ آج کل نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں میں وزن کم کرنے کا شوق بڑھ رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ اکثرغیر صحت مند اور پر مشقت طریقے بروئے کار لاتے ہیں۔اس کی وجہ سے وہ جسمانی کمزوری کا شکار ہوجاتے ہیں‘ ان کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ جاتے ہیں اورچہروں کی رنگت کے پھیکی ہو جاتی ہے ۔ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد (متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں کے ساتھ)یہ پھل استعمال کر سکتے ہیں۔ لیچی میں چونکہ کیلوریز کی تعداد بہت کم ہوتی ہے‘ اس لئے وزن میں بتدریج کمی آتی ہے اور چہرے کی رنگت بھی ماند نہیں پڑتی ۔
صحت مند مسوڑھے
مسوڑھوں سے خون بہنے اور دانت کمزور ہونے کی صورت میں تین سے چار دانے لیچی کے کھانے سے یہ تکلیف کم ہوجاتی ہے۔لیچی کھانے کے بعد کچھ دیر تک کلی نہ کریں تاکہ اس کا رس مسوڑھوں پر لگا رہے ‘ اس لئے کہ یہ رس نہ صرف قدرتی طور پر دانتوں اور مسوڑھوں کو صاف کرتا ہے بلکہ ان کی قدرتی طاقت بحال کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
مضبوط ہڈیاں
لیچی آئرن،میگنیشیم،کاپر،فاسفورس اور مختلف قسم کے معدنیات سے مالا مال ہے۔یہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور ان میں کیلشیم کو جذب کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
خون بڑھائے
لذیز پھل لیچی جسم میں ہیموگلوبن کی مقدار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ایسے میں یہ انیمیا کے مریضوں کے لئے کسی جادووئی پھل سے کم نہیں۔
روشن آنکھیں
لیچی وٹامن اے اور سی سے مالامال ہے جس کی بدولت یہ سخت گرمی میں بھی ہماری آنکھوں کو روشن اور پرکشش رکھتی ہے۔اس کے علاوہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس اور فوٹو کیمیکلز آنکھ میں بننے والے موتیے کی پیدائش کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
پرکشش چہرہ
لیچی میں شامل وٹامن سی ،ای چہرے کو ترو تازہ ،چمک دار اور داغ دھبوں سے پاک کرتا ہے۔گرمیوں میں ترو تازہ اورجھریوں سے پاک چہرے کے لئے 3سے4عدد لیچیاں لیں اوران میں ایک کیلا شامل کریں۔اب اسے پیسٹ کی شکل دیں اور 15منٹ تک چہرے پر لگانے کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔
حمل کے آخری ایام
حمل کے آخری دنوں میں اکثر خواتین بہت بے چینی محسوس کرتی ہیں۔ اس عرصے کے دوران اگر وہ لیچی استعمال کریں تو انہیں بہت فائدہ ہو گا اور وہ اس مرحلے کوبا آسانی گزار سکیں گی۔
کچھ عورتوں میں صحت کی خرابی کی وجہ سے وقت سے پہلے بڑھاپے کے آثار نمایاں ہونے لگتے ہیں اورانہیں جسمانی کمزوری محسوس ہونے لگتی ہے۔ لیچی جسم کی طاقت کو بحال کرتی اور وقت سے پہلے بڑھاپے کے آثار کو زائل کرتی ہے۔
صحت مند بال
بالوں کو صحت مند رکھنے اورانہیں گرنے سے بچانے کے لئے تین سے چارعدد لیچیوں میں کھانے کے دوچمچ ایلویراکا گودا ملا کر ماسک بنالیں اور اسے بالوں پر لگائیں۔تقریباً40منٹ کے بعد سردھو لیں‘ آپ کے بال مضبوط اور چمکدار ہوجائیں گے۔
لیچی اور چند احتیاطی تدابیر
لیچی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے:
٭ کچی اور کھٹی لیچی خریدنے سے اجتناب کریں۔
٭ لیچی کھانے سے بلغم میں زیادتی ہو سکتی ہے لہٰذا دمے کے مریض اپنے معالج کے مشورے کے بغیر اسے استعمال نہ کریں۔
٭ لیچی کھانے کے بعد پانی ہرگز نہ پئیں۔
٭لیچی میں شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لئے ذیابیطس کے مریض اسے کم کھائیں۔
