ڈی ٹاکس ڈائٹ کے فوائد‘ نقصانات
موٹاپا دورکرنے کے لئے ماہرین غذائیات جو مختلف ڈائٹ پلان تجویزکرتے ہیں ان میں سے ایک ڈی ٹاکس ہے۔ اگرچہ اس کے فوائد بھی ہیں لیکن نقصانات بھی کچھ کم نہیں۔ اس ڈائٹ کو سٹینلے بروگز(Stanley Burroughs) نے1970میں غذائیات پراپنی مشہورومعروف کتاب ماسٹر کلینر (Master Cleaner) میں متعارف کرایا تھا۔ اس کے مطابق 10 دنوں کے پروگرام پر مشتمل اس ڈائٹ میں صرف لیموں‘میپل شیرہ اورسرخ مرچ ملا پانی پینے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ قبض سے بچنے کے لئے کچھ ادویات کا استعمال بھی کرنا ہوتی ہیں۔
ڈی ٹاکس ڈائٹ کیا ہے
ڈی ٹاکس کا لغوی مطلب زہریلے اورفاسد مادوں کا اخراج ہے۔ یہ عمل جسم میں گردے اورجگر کی مدد سے 24 گھنٹے جاری رہتا ہے۔ زہریلے مادے دوقسم کے ہوتے ہیں جن میں سے ایک جسم میں پیدا ہوتے ہیں۔ دوسری قسم وہ ہے جوماحولیاتی آلودگی‘ کھادوں اورکھانے پینے کی اشیاء کے ذریعے جسم میں پہنچتی ہیں۔ ڈی ٹاکس ڈائٹ کے ذریعے جسم میں موجود زہریلے مادوں سے نجات حاصل کی جاتی ہے لہٰذا لوگوں میں اس کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ اس میں ڈیری مصنوعات‘ گلوٹن‘ انڈا‘ مونگ پھلی‘ سرخ گوشت اور پہلے سے تیارکردہ یعنی پروسسیڈ کھانوں کوغذا سے نکال کر سبزیوں اور پھلوں کو شامل کیا جاتا ہے۔
ڈائٹ کا طریقہ
تمام ڈی ٹاکس ڈائٹس اپنے طریقہ کارمیں یکساں نہیں‘البتہ ان میں عمومی طورپرمحدود مدت تک بھوکا رہنا قدرِمشترک ہے جس کے بعد فرد کو صرف کچی سبزیاں‘پھل‘ پھلوں کا جوس اورپانی استعمال کرنا ہوتا ہے۔ ایسے میں بعض اوقات قبض کی شکایت بھی ہو جاتی ہے لہٰذا ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کی جاتی ہیں۔
فوائد
٭گردے اورجگر کے کام میں بہتری لاتی ہے۔
٭توانائی محسوس ہوتی ہے۔
٭جسم سے فالتو اورزہریلے مادوں کا اخراج کرتی ہے۔
٭وزن کم کرنے میں مدد گار ہے۔
٭قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہے۔
٭سکن کو بہتر بناتی ہے۔
٭سانس میں تازگی لاتی ہے۔
٭عمومی صحت میں مثبت تبدیلیاں لانے کا باعث بنتی ہے۔
٭مثبت سوچ پیدا کرنے والے ہارمونز کے اخراج میں مدد دیتی ہے۔
٭بالوں کی اچھی صحت کے لئے کارآمد ہے۔
٭انسان ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔
٭قبل ازوقت بڑھاپے کوروکتی ہے۔
نقصانات
٭ڈی ٹاکس ڈائٹ کا اہم جزو پھلوں اورسبزیوں کا جوس ہے۔ اس میں پھلوں اورسبزیوں کا رس نکال کرایک اہم جزوریشہ یعنی فائبرضائع کردیا جاتا ہے۔ فائبرسے نہ صرف پیٹ بھرتا ہے بلکہ بلڈ شوگربھی کنٹرول میں رہتی ہے۔
٭ڈی ٹاکس ڈائٹ کولمبے عرصے تک معمول بنا لیا جائے تو جسم میں اہم معدنیات اوروٹامنز کی کمی ہوجاتی ہے۔
٭ڈی ٹاکس ڈائٹ آنتوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ہاضمے کو بہتررکھنے والے بیکٹیریا کو ختم کرنے کا بھی باعث بنتی ہے۔
٭اس پروگرام کے ضمنی مضراثرات میں بھوک لگنا‘چڑچڑا پن، تھکن اورجلن کے ساتھ پاخانہ آنا شامل ہیں۔
ڈی ٹاکس کے نقصانات کو مد نظر رکھتےہوئے ضروری ہے کہ اسے ماہرغذائیات کی نگرانی میں کیا جائے۔ اس سے بھی زیادہ بہتریہ ہے کہ ایسا طرززندگی اپنائیں جس میں ہمیں ایسی چیزوں کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
Detox diet, what are the advantages of detox diet, what are the disadvantages of detox diet
